ہمارا مینڈیٹ چرانے والوں کے ساتھ مفاہمت تو دور ، بیٹھا بھی نہیں جاسکتا

چور چور ہی ہوتا ہے، جتنا مرضی پاک ہوکر آجائے،آپ بغیرثبوت مقدمات ختم اور مینڈیٹ واپس کردیں تو آؤ بیٹھ کر بات بھی کرلیتے ہیں، رکن قومی اسمبلی پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 18 اپریل 2024 20:53

ہمارا مینڈیٹ چرانے والوں کے ساتھ مفاہمت تو دور ، بیٹھا بھی نہیں جاسکتا
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔18 اپریل 2024ء) پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ مینڈیٹ چرانے والوں کے ساتھ مفاہمت تودور ، بیٹھا بھی نہیں جاسکتا، چور چور ہی ہوتا ہے، جتنا مرضی پاک ہوکر آجائے،آپ بغیر ثبوت مقدمات ختم اور مینڈیٹ واپس کردیں تو آؤ بیٹھ کر بات بھی کرلیتے ہیں۔ انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جماعت پی ٹی آئی کا واضح ہے مئوقف ہے کہ قومی مفاہمت بھی ہونی چاہیے اور سب کو مل کر قومی مسائل کا حل بھی نکالنا چاہیے۔

یہ اسی صورت ممکن ہے جب عوام کے حقیقی نمائندے اپنی جگہوں پر بیٹھے ہوں، لیکن جن جماعتوں نے مینڈیٹ چرایا ہو، ان کے ساتھ مفاہمت تو کیا بیٹھا بھی نہیں جاسکتا، یہ نہیں ہوسکتا کہ میں آپ لوگوں کو اپنا چور سمجھتا ہوں ، آپ میری چوری بھی واپس نہ کریں، لیکن پھر بھی ڈنر پر بیٹھ کرگپ لگاؤں یہ نہیں ہوتا، چور چور ہی ہوتا ہے، جتنا مرضی پاک ہوکر آجائے۔

(جاری ہے)

الیکشن چوری کرنے والوں کے منہ سے مفاہمت کی کہانیاں اچھی نہیں لگتی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا چوری کیا گیا مینڈیٹ واپس کریں، بے بنیاد بغیر ثبوت مقدمات ختم کریں ، آؤ مل بیٹھ کر بات کرلیتے ہیں۔ اس موقع پرپاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹ میں پارلیمانی لیڈرسینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ صدر مملکت نے وقت کم کی جو بات کی اس کا تذکرہ ہوتا رہتا ہے، لیکن عملاً اس طرف کوئی پیشرفت نہیں ہورہی، جو پولرائزیشن ہے وہ ابھی گہری اور وسیع ہورہی ہے، وقت کم کا مطلب جب ہم جمہوریت کو تماشا بنائے رکھیں گے، مستحکم حکومت بنتی ہے اور ایوانوں میں استحکام آتا ہے،قانون سازی ہوتی ہے، معیشت سنبھل جاتی ہے اور سرمایہ کاری آتی ہے تو معاملات ٹھیک ہوجائیں گے، لیکن جب بگاڑ کی طرف جائیں گے تو جمہوریت خطرے میں ہوتی ہے، پھر کہا جاتا ہے کہ معیشت ٹھیک نہیں ، وقت کم ہونے کا مطلب وقت تیزی سے گزر رہا ہے، ہمارے ساتھ جو ریاستیں آزاد ہوئیں،وہ بھی آگے چلی گئیں، ان کو دیکھ کر وقت کی بات کی۔

وقت کا تقاضا ہے کہ پولرائزیشن کو کم ہونا چاہیئے۔