پولنگ میٹریل تقسیم کا معائنہ،عوام کو اپنا حق رائے استعمال کرنے کیلئے پر امن ماحول فراہم کیا جائے گا،ڈی پی او ناصر محمود

ہفتہ 20 اپریل 2024 17:37

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2024ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ ناصر محمود نے رتہ کلاچی اسٹیڈیم میں کل اتوار کو ہونیوالے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں پولنگ میٹریل کی تقسیم کے کا جائزہ لیا ہے۔ اس موقع پر ایس پی سٹی محمد اسحاق، ایس پی صدر عمر حیات خان و دیگر افسران نے ڈی پی او ڈیرہ کو پولنگ میٹریل کی تقسیم،پولنگ عملہ کے ہمراہ پولیس کی روانگی و دیگر امور پر بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ڈی پی او ڈیرہ پولنگ ڈیوٹی پر تعینات افسران و جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو اپنا حق رائے استعمال کرنے کیلئے پر امن ماحول فراہم کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری ضابطہ اخلاق پر ہر صورت عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ ڈیوٹی پر مامور افسران و جوان حفاظتی تدابیر کو اپنائیں۔ اپنی اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ کسی شخص کو پرامن ماحول خراب کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔