پاکستان آئی ایم ایف کے طویل بیل آؤٹ پروگرام کا خواہاں ہے، وزیرخزانہ

نئے پروگرام کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت جاری ہے، مشن اسلام آباد آئے گا تو ترجیحات اور اصولوں پر متفق ہوں گے، اور نگزیب

ہفتہ 20 اپریل 2024 17:39

پاکستان آئی ایم ایف کے طویل بیل آؤٹ پروگرام کا خواہاں ہے، وزیرخزانہ
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2024ء) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف کے طویل بیل آؤٹ پروگرام کا خواہاں ہے۔واشنگٹن میں ایک انٹرویو میں وزیر خزانہ نے کہا کہ نئے پروگرام کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت جاری ہے، مشن اسلام آباد آئے گا تو ترجیحات اور اصولوں پر متفق ہوں گے۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے کہا کہ پروگرام کے حجم پر بات کرنا قبل از وقت ہے،یہ پاکستان کا پروگرام ہے، آئی ایم ایف کا پروگرام نہیں، پاکستان کو آئی ایم ایف کی طرف سے فنڈز فراہم کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قرض منظور ہوا تو این ایف سی ایوارڈ پر نظرثانی کریں گے، 18 ویں ترمیم کے تناظر میں اس کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ این ایف سی کے تحت بہت چیزیں صوبوں کو منتقل کی گئیں، ہم این ایف سی پر صوبوں کے ساتھ بات چیت کریں گے۔انہوںنے کہاکہ صوبائی مارکیٹس کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی ضرورت ہے، پنجاب اور سندھ کے وزرائے اعلیٰ سے بات چیت کی ہے، روپیکی قدر میں مزید کمی نہیں دیکھ رہے۔