مظفرآباد، شہر کے پانچ بڑے ڈراپ کیے گئے منصوبوں پر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مکمل کر نے کیلئے ہوم ورک شروع

اتوار 21 اپریل 2024 12:50

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2024ء) 2005کے ہولناک زلزلہ کے بعد ایم سی ڈی پی کے ڈراپ ہونے والے بنیادی شہری سہولت کے حامل منصوبوں کو مدنظر رکھتے ہوئے میونسپل کارپوریشن مظفرآباد نے شہر کے پانچ بڑے ڈراپ کیے گئے منصوبوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مکمل کر نے کیلئے ہوم ورک شروع کر دیا گیا، جملہ منصوبہ جات کو پیکیجز کی شکل میںعملی جامہ پہنایا جائے گا، یہ منصوبہ جات بیک وقت شروع کرنے کیلئے منصوبہ بندی کر لی گئی ، جس کے تحت میونسپل ملٹی پرپزMMPکی تعمیر ، فروٹ اینڈ سبزی منڈی ایبٹ آباد روڈ، سلاٹر ہائوس ، میونسپل ٹول کمپلیکس امبور، پارکنگ ملٹی اسٹوری سہیلی سرکار باالمقابل سینٹرل پریس کلب اور بس اسٹینڈ بیلہ نور شاہ کے منصوبے کی اپ گریڈیشن کی جائے گی ، میئر میونسپل کارپوریشن سید سکندر نثار گیلانی کے خصوصی ہدایت پر دارالحکومت کو شایان شان بنانے کیلئے پانچوں منصوبہ جات کو جلد از جلد شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے میئر میونسپل کارپوریشن کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں کو درپیش مسائل سمیت جملہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، اجلاس میں بلدیاتی انتخابات میں مظفرآباد کے عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں کی تکمیل کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، جس سے دارالحکومت مظفرآباد کو شایان شان بنانے میں مدد ملے گی ، اور میونسپل کارپوریشن کی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا ، گزشتہ روز میونسپل کارپوریشن مظفرآباد کے چیف آفیسر صاحبزادہ ذوالفقار عالم ، ایگزیکٹو انجینئر جمیل راٹھور میونسپل آرکیٹیکٹ فرقان خواجہ، اسسٹنٹ انجینئر راجہ طارق (آر ٹی خان)، فاروق میر، ملک یاسر، سعید اعوان ڈرافٹس مین اور ٹیکنیکل سٹاف مسٹر حسیب کے ہمراہ گھڑی پن میونسپل ملٹی پرپز پلازہ MMP کی تعمیر کے بارے میں حتمی فیصلے کے لیے سائٹس، فروٹ اینڈ سبزی منڈی ایبٹ آباد روڈ، سلاٹر ہاؤس اور میونسپل ٹول کمپلیکس امبور پارکنگ ملٹی اسٹوری سہیلی سرکار بالمقابل سینٹرل پریس کلب اور بیلہ مور شاہ بس اسٹینڈ کا دورہ کرکے سائیٹس کا معائنہ کیا گیا اور جملہ منصوبوں پر عملدرآمد سمیت بیلہ نور شاہ اڈہ کی اپ گریڈیشن کے حوالے پلان ترتیب دے دیا گیا ہے ،جس کے تحت رواں سال پانچوں منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل یقینی بنائی جائے گی ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن صاحبزادہ ذوالفقار عالم کا کہنا تھا کہ میئر میونسپل کارپوریشن کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جس کے تحت پانچ منصوبوں پر عملدرآمد کیلئے حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے ، ان شاء اللہ کوشش کریں گے کہ شہریوں کو سہولیات بہم پہنچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں، اس حوالے سے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں لائیں گے ،ادارے کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنا وقت کی ضرورت ہے ۔

یاد رہے کہ زلزلہ 2005کے بعد مرتب کیے گئے ایم سی ڈی پی کے پانچ بڑے منصوبے فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث18سال گزرنے کے بعد شروع نہ ہو سکے ، شہر کے دیرینہ حل طلب مسائل کیلئے میئر میونسپل کارپوریشن کی ہدایت پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی منصوبہ بندی تیار کر لی ہے اور متذکرہ پراجیکٹس کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت BOT کی بنیادوں پر مکمل کرنے کیلئے بلدیہ کے سٹاف نے ہوم ورک شروع کر دیا ہے اور چیف آفیسر صاحبزادہ ذوالفقار عالم کے مطابق ان منصوبوں کو پیکجز کی شکل میں عملی جامہ پہنایا جائے گا اور تمام پانچ منصوبہ جات پر ون گو میں کام شروع کیا جائیگا۔