معاشی استحکام کے لئے وفاق اور صوبوں کےمابین قریبی تعلق اور ہم آہنگی بہت اہم ہے، کسی بھی صوبے اور عوام کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سندھ کابینہ کے ارکان سے گفتگو

بدھ 24 اپریل 2024 15:14

معاشی استحکام کے لئے وفاق اور صوبوں کےمابین  قریبی تعلق اور ہم آہنگی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معاشی استحکام کے لئے وفاق اور صوبوں کےمابین قریبی تعلق اور ہم آہنگی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کے حل، ملک کی خدمت، صوبوں کی ترقی و خوشحالی کے لئے مل کر کام کرنا ہے، کسی بھی صوبے اور عوام کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، اس وقت سب سے بڑا مسئلہ معاشی استحکام کا ہے،سعودی اور ایرانی قیادت کے دوروں سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار سندھ کابینہ کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، سندھ کابینہ کے ارکان اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 8 فروری کے انتخابات کے نتیجہ میں ہمیں مینڈیٹ ملا ہے، ہمیں اس مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے مل کر ملک کی خدمت، صوبوں کی ترقی و خوشحالی کے لئے کام کرنا ہے تاکہ ہم عوام کے مسائل کو حل کر سکیں، اس وقت سب سے بڑا مسئلہ معاشی استحکام کا ہے، اس کے لئے وفاق اور صوبوں کو قریبی تعلق بنانا پڑے گا۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے ساتھ قریبی رابطہ ہے، وفاقی اور صوبائی وزرا بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعلق استوار رکھیں، سندھ کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، پنجاب کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، اسی طرح دیگر صوبوں کی ترقی بھی پاکستان کی ترقی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ اس تعلق کو مضبوط بنائوں، بعض اوقات ہمیں ایسے فیصلے بھی کرنا پڑیں گے جو شاید ہم اپنے لئے پسند نہ کرتے ہوں لیکن ملک کے عوام اور صوبوں کی ترقی و خوشحالی کے لئے کرنا ہوں گے تاکہ جمہوریت اور ترقی کی گاڑی آگے بڑھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سعودی اور ایرانی وفود نے پاکستان کا دورہ کیا ہے، ایران کے صدر کراچی بھی آئے، اسی طرح آئندہ بھی امید ہے کہ سرمایہ کاری کے لئے وفود بھی پاکستان کا دورہ کریں گے اور چاروں صوبوں میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں گے لیکن یہ تبھی ممکن ہے جب ہم اپنا ہوم ورک کریں، آپس میں ہم آہنگی و یکسوئی ہو اور پوری تیاری اور یکساں سوچ کے ساتھ آگے بڑھیں گے تو مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم ملک کے عوام کے لئے ٹیم بن کر کام کریں گے، اس کے علاوہ ہمارے پاس اور کوئی راستہ نہیں ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو ان کے دوبارہ وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ 2022 میں معاشی استحکام کے لئے مل کر کام شروع کیا تھا، اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھیں گے، سندھ کی صوبائی حکومت وفاق کے ساتھ مل کر عوام کی توقعات پر پورا اترے گی۔\932