غربی باغ کی تمام سڑکات کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں،راجہ فیصل آزاد

اتوار 28 اپریل 2024 14:35

دھیرکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) سابق امیدوار اسمبلی مسلم لیگ ن حلقہ غربی باغ راجہ فیصل آزادنے کہا کہ غربی باغ کی تمام سڑکات کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ دھیرکوٹ ، رنگلہ ،ملوٹ روڈ ہو ،چھپڑیاں گھوڑی کیر روڈ ہو، پیل دھار،چلندراٹ روڈ ہو،چوڑ روڈ ہو ،سنگڑھ بٹھارہ روڈ ہویا بشارت شہید روڈ غربی باغ کی تمام سڑکات ایک آثار قدیمہ کا منظر پیش کر رہی ہیں۔

گورنمنٹ سکولز کی بلڈنگز بھی حکومتی توجہ کی مستحق ہیں۔ شیلٹرز میں قائم زیادہ تر سکول ناقابل استعمال ہو چکے ہیں۔ ایم ایل اے حلقہ سیاسی رشوت کے طور پر آدھا آدھا کلومیٹر سڑکات دینے کے بجائے بڑے پراجیکٹس دیں تاکہ عام آدمی کو اس سے فائدہ ہو سکے۔ حکومت آزادکشمیر سے حالیہ بارشوں سے ہونے والے متاثرہ گھروںکے مالکان کو فوری طور پر معاوضہ جات کی ادائیگی کا مطالبہ کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معاوضہ جات کی فوری ادائیگی سے ہی متاثرین کو ریلیف مل سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حلقہ دھیرکوٹ کی آسامیوں کو دیگر حلقہ جات میں شفٹ کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ حلقہ میں حالیہ چوریوں کی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ، انتظامیہ فوری طور رنگلہ ،دھیرکوٹ اور دیگر علاقوں میں ہونے والی چوریوں کا سراغ لگاتے ہوئے چوروں کو گرفتار کرے ۔