کراچی میں ینجرزاوراینٹی نارکوٹیکس فورس کی مشترکہ کارروائی، منشیات فروشی میں ملوث 2 ملزمان گرفتار، 2 کلو گرام آئس برآمد

پیر 29 اپریل 2024 18:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) پاکستان رینجرز(سندھ)اوراینٹی نارکوٹیکس فورس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے البیلہ سگنل نشتر روڈ پر دوران اسنیپ چیکنگ منشیات فروشی میں ملوث انتہائی مطلوب 2 ملزمان شمس الدین اور عبدالغفور کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 2کلو گرام آئس برآمد کر لی۔

(جاری ہے)

ترجمان سندھ رینجرز کے پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ منشیات بلوچستان سے منگوا کر کراچی کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرنے میں ملوث ہیں۔ ملزمان اس سے پہلے بھی گرفتار ہوکر جیل جا چکے ہیں۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گرفتارملزمان کو بمعہ منشیات مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔رینجرزنے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔