کامیاب سروس کے بعد باعزت ریٹائرد ہوناملازمین کیلئے اعزاز کی بات ہوتی ہے،جسٹس راجہ سعید اکرم خان

پیر 29 اپریل 2024 21:08

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) چیف جسٹس آزادجموں وکشمیر سپریم کورٹ جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہاکہ کامیاب سروس کے بعد باعزت ریٹائرد ہونا ملازمین کیلئے اعزاز کی بات ہوتی ہے،اسسٹنٹ رجسٹرار سپریم کورٹ ملک علائوالدین اور قاصد عبدالعزیزکی دوران سروس مثالی کارگردگی کو بھرپور اندا ز سے سراہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک علائوالدین اور قاصد عبدالعزیز کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کامیاب سروس کے بعد ملازمت سے ریٹائرڈہونے والے آفیسر و اہلکار کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ لائن آف کمانڈ میں انصاف کے علم کو بلند کرنے کے ساتھ ساتھ میرا کردار نظم وضبط کو برقرار رکھنا اور ادارہ کے سسٹم کو موثر انداز میں چلانا بھی ہے، تمام ججزکا مقام یکساں اور میرے پاس فقط اضافی ذمہ داری نظم و نسق کو ادارے میں برقرار رکھنا ہے، ہم سب کے حقوق کے محافظ ہیں، ادارے میں فرائض سرانجام دینے والے تمام افراد میرے لئے فیملی کی مانند ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب میں چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس راجہ سعید اکرم خان ، سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس خواجہ محمد نسیم، جج سپریم کورٹ جسٹس رضا علی خان اور ایڈہاک جج سپریم کورٹ جسٹس مسعود اے شیخ نے نوکری سے ریٹائرمنٹ لینے والے اسسٹنٹ رجسٹرار سپریم کورٹ ملک علائوالدین ، قاصد عبدالعزیز کو تحفے اور شیلڈز پیش کیں اور ان کی ر ریٹائرمنٹ کے بعد کی زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہا رکیا۔تقریب کے اختتام پر رجسٹر ار سپریم کورٹ مظہر اقبال کی قیادت میں آفیسران نے اسسٹنٹ رجسٹرار سپریم کورٹ ملک علائوالدین کو گھر تک قافلے کی صور ت میں چھوڑا اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔