میاں نوازشریف کا پارٹی صدربننا تازہ ہواکا جھونکا ثابت ہوگا۔

معاشی معاملات تیزی سے بہتری کی طرف گامزن ہوجائیں گے۔

پیر 29 اپریل 2024 23:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2024ء) نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولزفورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدراورسابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ میاں نوازشریف کی جانب سے سات سال کے وقفے کے بعد ن لیگ کی صدارت دوبارہ سنبھالنا ملکی سیاست میں تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوگا۔

ان کے خلاف مقدمات کا وہی انجام ہوا ہے جوجھوٹے مقدمات کا ہوتا ہے اورانکی صدارت سے پارٹی کوذیادہ عوامی پزیرائی ملے گی اوراس میں نئی جان پڑجائے گی۔ میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میاں نوازشریف کی صدارت کی صورت میں مختلف معاملات پرن لیگ کے موقف میں زیادہ جان پڑجائے گی جس سے ملکی سیاست پرخوشگواراثرات مرتب ہونگے۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ہی ملک کے معاشی معاملات زیادہ تیزی سے بہتری کی طرف گامزن ہوجائیں گے اوردوست ممالک خاص طورپرسعودی عرب اورچین کے ساتھ قربت اورتعاون بڑھے گا۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ اس وقت ن لیگ میں مختلف معاملات پراتفاق رائے کی کمی محسوس کی جا رہی ہے جس سے عہدہ براہ ہونا میاں نواز شریف کے لئے ایک امتحان ہوگا۔ اس وقت معیشت مشکلات کا شکار ہے۔

مہنگائی بڑھ رہی ہے، بجلی گیس اورتیل کی قیمتوں نے غربت بڑھا دی ہے،عوامی بے چینی آسمان سے باتیں کررہی ہے اورسیاست بے یقینی کے دورسے گزررہی ہے۔ ان حالات میں میاں نوازشریف پربھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ملک کوان مسائل سے نکالنے میں بھرپور کردارادا کریں۔ انھیں دیگرسیاسی جماعتوں سے تعلق اورسول ملٹری تعلقات کوبھی متوازن رکھنا ہوگا۔

میاں زاہد حسین نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے وزیرخارجہ اسحاق ڈارکوفوری طورپرنائب وزیراعظم مقررکردیا ہے جوخوش آئند ہے۔ وہ چوہدری پرویزالہیٰ کے بعد دوسرے سیاستدان ہونگے جونائب وزیراعظم بنے ہیں۔ اسحاق ڈارمیاں نوازشریف کے بہت قریبی سمجھے جاتے ہیں اوراقتصادی معاملات میں انکی قابلیت مسلم ہے جس کی وجہ سے انکی تعظیم کی جاتی ہے اور ان کے ڈپٹی پرائم منسٹر بننے سے اقتصادی ڈپلومیسی کو تقویت ملے گی جس سے ملک کی معیشت کو سنبھالنے میں مدد ملے گی۔ کاروباری برادری کویقین ہے کہ اقتصادی معاملات میں انکی اہلیت سے بھرپوراستفادہ کیا جائے گا۔ #