وزیراعظم سے سعودی عرب کے وزرا برائے توانائی،اقتصادیات و منصوبہ بندی و ماحولیات و پانی و زراعت کی ملاقات

پاکستان کے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے عمل کو سہل کرنے کیلئے حکومت پاکستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی گئی

پیر 29 اپریل 2024 22:20

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پیرکوعالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کی سائیڈ لائینز پر سعودی عرب کے وزیر توانائی ہز رائل ہائی نیس شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان السعود سے ملاقات کی۔ آرامکو کے سی ای او اور صدر اور اے سی ڈبلیو اے پاور کے چیئرمین بھی سعودی وزیر توانائی کے ہمراہ تھے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستان کے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے عمل کو سہل کرنے کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان توانائی کے تعاون کے شعبے میں تعاون جیسا کہ توانائی کے موجودہ انفراسٹرکچر کی تعمیر اور بہتری، قابل تجدید توانائی پر توجہ بڑھانا اور پورے توانائی کے ایکو سسٹم میں افادیت لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

سعودی وزیر توانائی نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی برادرانہ تعلقات کا ذکر کیا اور سعودی عرب کی ترقی میں پاکستانیوں کے اہم کردار کو سراہا۔ سعودی وزیر نے وزیر اعظم کی طرف سے نشاندہی کی گئی توانائی کے منصوبوں کی ترقی میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ وزیراعظم نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے ساتھ اقتصادی شراکت داری کو بڑھانے میں دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔

انہوں نے کہا کہ ولی عہد شہزادہ اور وزیر اعظم محمد بن سلمان سے ان کی ملاقات کے بعد دونوں فریق اقتصادی تعاون کے ایجنڈے کو نئے جوش اور عزم کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کی تکنیکی ٹیمیں اپنا کام مکمل کر لیں گی اور بہت سے باہمی فائدہ مند منصوبے جلد شروع کیے جائیں گے۔ وزیر اعظم نے سعودی عرب کے وڑن اور سعودی عرب کو اقتصادی ترقی کا مرکز بنانے کے لیے کی گئی اصلاحات کی بھی تعریف کی۔

علاوہ ازیں وزیراعظم سے سعودی عرب کے وزیر اقتصادیات و منصوبہ بندی انجینئر فیصل الابراہیم اور سعودی عرب کے وزیر ماحولیات و پانی و زراعت عبدالرحمن عبدالمحسن الفادلی نے بھی ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو بڑھانے کے لیے سعودی عرب کی جانب سے دکھائی جانے والی گہری دلچسپی کو سراہا۔

انہوں نے پاکستانی زرعی شعبے کی استعداد پر روشنی ڈالی اور کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے لیے بریڈ باسکٹ ثابت ہو سکتا ہے اور نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کے لیے غذائی تحفظ کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ سعودی وزیر برائے ماحولیات، پانی اور زراعت نے وزیراعظم کو 15-16اپریل 2024 کو اسلام آباد میں ہونے والی نتیجہ خیز بات چیت کے بارے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی زرعی کمپنیاں پاکستان کے زرعی شعبے میں دلچسپی ظاہر کر رہی ہیں اور امید ہے کہ دونوں ممالک زرعی معیشت کی ویلیو چین کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ منصوبوں سے فائدہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب زراعت کے شعبے میں پاکستان کے اسٹریٹجک اورمسابقتی فوائد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پاکستانی زرعی شعبے کو تعاون کا ایک اہم شعبہ سمجھتا ہے۔

سعودی وزیر اقتصادیات نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو بڑھانے پر وزیراعظم کی ذاتی توجہ کو سراہا۔ وزیر اعظم نے ریاض میں عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کی کامیابی سے میزبانی کرنے پر وزیر اقتصادیات اور منصوبہ بندی کو مبارکباد دی۔ انہوں نے بڑھتے ہوئے عالمی عدم استحکام اور بحرانوں کے باوجود عالمی اقتصادی اور ترقیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے سعودی عرب کے کردار کی تعریف کی۔