ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کا ڈیڈ لاک ختم، صدر سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

ملاقات میں متحدہ قومی موومنٹ اور پیپلزپارٹی کے درمیان مل کر قوم کی خدمت کرنے پر اتفاق ہواہے،ترجمان ایم کیوایم پاکستان

بدھ 1 مئی 2024 22:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) صدر مملکت آصف علی زرادری سے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)پاکستان کے رہنمائوں کی ملاقات ہوئی، جس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی جبکہ ایم کیو ایم نے کراچی میں امن قائم کرنے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی۔تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایم کیو ایم کے وفد کی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں وزیر اعلی ہائوس کراچی میں ملاقات ہوئی۔

ایم کیو ایم کے وفد میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے علاوہ ڈاکٹر فاروق ستار اور مصطفی کمال شامل تھے جبکہ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔ترجمان کے مطابق ایم کیو ایم کے وفد نے صدر آصف علی زرداری کو دوبارہ صدر مملکت منتخب ہونے پر مبارکباد دی جبکہ صدر مملکت آصف زرداری نے مبارکباد دینے پر ایم کیو ایم کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم وفد نے صدر مملکت آصف زرداری سے کراچی میں امن و امان سے متعلق بات چیت کی۔ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے شہر میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کیا اور اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لانے کا مطالبہ کیا۔صدر زرداری نے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ذاتی طور پر صورتحال کی نگرانی کریں گے اور اسے بہتر کریں گے۔

امن و امان کی بحالی میں ہم تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ صدر نے کہا کہ یہ ایک اہم مسئلہ ہے، اس لیے میں یہاں وزیراعلی ہائوس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے آیا ہوں۔دریں اثنا وفاقی وزیر اور ایم کیو ایم کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے صدر مملکت آصف علی زرداری کی طرف سے امن و امان کے اجلاس کے فیصلے کو سراہا، انہوں نے کہا کہ صدر مملکت کراچی میں اجلاس کرے گا تو عوام میں اعتما بڑھے گا۔

ترجمان کے مطابق ایم کیو ایم وفد نے اس حوالے سے صدر مملکت کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ذرائع ایم کیوایم کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ اور پیپلزپارٹی کے درمیان ڈیڈ لاک تھا جو آج ختم ہوا، مسلم لیگ ن کے رویے کے بعد ایم کیوایم نے حکمت عملی تبدیل کی۔ذرائع ایم کیو ایم نے بتایاکہ ملاقات میں متحدہ قومی موومنٹ اور پیپلزپارٹی کے درمیان مل کر قوم کی خدمت کرنے پر اتفاق ہوا، وفد نے شہر میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق صدر سے ملاقات میں ایم کیو ایم نے اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی سفارش کی۔ذرائع نے بتایا کہ ایم کیو ایم اب تمام سیاسی جماعتوں سے عوامی اور سیاسی مسائل پر بات چیت کریگی۔ذرائع ایم کیوایم کے مطابق ایم کیو ایم کی قیادت مسلم لیگ ن کے رویے سے نالاں ہے۔