پرویزالٰہی کو اڈیالہ جیل سے لاہور منتقل کرنے کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

جمعرات 2 مئی 2024 15:16

پرویزالٰہی کو اڈیالہ جیل سے لاہور منتقل کرنے کیخلاف درخواست پر فیصلہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2024ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو اڈیالہ جیل سے لاہور منتقل کرنے کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی اہلیہ قیصرہ الٰہی کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار وکیل سردار عبد الرازق، پمز ہسپتال کے نمائندے عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران وکیل سردار عبد الرازق نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ہم نے وفاقی وزارت داخلہ اور وزارت داخلہ پنجاب کو پرویز الٰہی کے گھر کو سب جیل قرار دے کر وہاں منتقل کرنے کی درخواستیں دی ہیں۔اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ سب جیل پورے گھر کو قرار دیا جائے گا اور پرویز الٰہی کو صرف ایک کمرے تک محدود رکھا جائے گا، کیا آپ اس کے لیے تیار ہیں وکیل سردار عبد الرازق نے جواب دیا کہ جی بالکل، ہم اس کے لیے تیار ہیں۔اس پر نمائندہ پمز ہسپتال نے بتایا کہ پرویز الٰہی کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، وہ اپنے گھر سے زیادہ اڈیالہ جیل میں محفوظ ہیں۔بعد ازاں عدالت نے پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔