عدالت نے عدم ثبوت و شواہد کی بنا پر لیاری گینگ وار کے کمانڈر ملا نثار کو بری کردیا

جمعرات 2 مئی 2024 21:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2024ء) انسداد دہشتگردی کی عدالت نے رینجرز و پولیس آپریشن کے دوران حملہ اور رینجرز اہلکار کے قتل کیس فیصلہ سنادیا۔ استغاثہ گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کے کمانڈر ملا نثار کیخلاف 9ویں مرتبہ جرم ثابت کرنے میں ناکام رہا۔ عدالت نے عدم ثبوت و شواہد کی بنا پر لیاری گینگ وار کے کمانڈر ملا نثار کو بری کردیا۔

عدالت نے ہدایت کی ملزم کسی دوسرے مقدمہ میں گرفتار نہیں ہے، تو اسے رہا کیا جائے۔ وکیل صفائی عابد زمان ایڈوکیٹ نے موقف اپنایا تھا کہ مدعی مقدمہ سب انسپکٹر محمد ریاض اور دو گواہوں کے بیانات میں تضاد ہے۔ چشم دید رینجرز اہلکاروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے خود دیکھا کہ ملزم نے محمد انور کو فائرنگ کرکے جاں بحق کیا۔

(جاری ہے)

مدعی مقدمہ کے مطابق اس نے ملزم کو فائرنگ کرتے نہیں دیکھا۔

جبکہ استغاثہ کی جانب سے موقف اپنایا گیا تھا کہ 25 ستمبر 2014 کو رینجرز اور پولیس کی جانب سے لیاری میں آپریشن کیا گیا تھا۔ لیاری گینگ وار کے کمانڈر ملا نثار سمیت دیگر دہشت گرد پولیس کو درجنوں سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔ رینجرز اور پولیس کو دیکھ کر ملزمان نے فائرنگ شروع کردی تھی۔ ملزمان کی فائرنگ سے رینجرز اہلکار محمد انور شہید ہوگیا تھا۔ جوابی کارروائی میں دو نامعلوم دہشتگرد ہلاک بھی ہوئے تھے۔ ملزمان کے خلاف سرکاری کی مدعیت میں تھانہ کلاکوٹ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔