کراچی سمیت سندھ کے کئی شہروں میں آج بھی شدید گرمی رہے گی،محکمہ موسمیات

منگل 7 مئی 2024 23:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2024ء) کراچی میں شدید گرمی کا راج آج پارہ 37 ڈگری سے 42 ڈگری ک محسوس ہونے کا امکان ہے گرمی کی شدت میں اضافے کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ اور پنجاب کے کئی شہروں میں آج بھی شدید گرمی رہے گی حیدر آباد، سکھر اور نواب شاہ آج بھی صوبے سندھ کے گرم ترین شہر ہوں گے جہاں پارہ 42 سے 45 ڈگری تک جائے گا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ پنجاب میں ڈیرہ غازی خان، بہالپور اور ساہیوال میں پارا 42 سے 44 ڈگری تک جانے کا امکان ہے جب کہ لاہور، ملتان، فیصل آباد اور سرگودھا میں پارا 40 ڈگری یا اس سے زیادہ رہے گا۔دوسری جانب پشاور میں 38، اسلام آباد اور کراچی میں 36 اور کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری تک جانے کی توقع ہے۔ جہاں آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم گرم اور مرطوب ہی رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 61 فیصد ہے، ہوا میں نمی زیادہ ہونے سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہو گی۔ شہرِ قائد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔کراچی میں مغرب کی سمت سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔شہر میں مطلع مکمل طور پر صاف رہے گا، بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔#