حکومت بلدیاتی اداروں کو ایک ارب روپے کی خطیر رقم فراہم کرے گی،وزیر بلدیات

بلدیاتی ادارہ جات میں ریفارمز کیلئے حکومت سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے تاہم ان اداروں کو اپنی آمدن کے ذرائع بھی بڑھانے ہو نگے،راجہ فیصل ممتاز راٹھور

جمعرات 9 مئی 2024 16:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2024ء) آزادجموں و کشمیر کے وزیر بلدیات و دیہی ترقی راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ بلدیاتی ادارہ جات کے مالی مسائل کے حل کے لیے حکومت ان اداروں کو اس مالی سال کے دوران تقریبا ایک ارب روپے کی خطیر رقم فراہم کرے گی۔ کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے ریفارم بلدیاتی ادرہ جات سے خطاب کرتے ہو ہے چیئرمین کمیٹی وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حکومت اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی پر یقین رکھتی ہے اور منتخب بلدیاتی نمائندگان کے ذریعہ سے گراس روٹ لیول پر سروس ڈیلیوری کے معیار کو بہتر بنانا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت شدید مالی مشکلات اور چیلنجز کے باوجود لوکل کونسلز کو اس سال ایک ارب روپے کی رقم گرانٹ ان ایڈ کی شکل میں فراہم کرے گی، جسکے پہلے مرحلے میں14کروڑ دس لاکھ روپی کے فنڈز ریلیز کیے جا چکے ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں بھی اتنی ہی رقم آئندہ چند دنوں میں ریلیز کر دی جائیگی، اسکے علاوہ زیادہ تر منتخب ممبران اسمبلی بھی ترقیاتی منصوبہ جات کی نشاندہی لوکل کونسلز کے نمائند گان کے ذریعہ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بتیس سال کے بعد اس نظام کی بحالی ہوئی ہے جسکو منتخب بلدیاتی نمائندگان کی مشاورت سے مکمل انتظامی، مالی اور ادارہ جاتی اٹانومی دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں حکومت بلدیاتی ادارہ جات کے لیے آئندہ کا روڈ میںپ فائنل کریگی، جسمیں لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی از سر نو تدوین، فنانس کمیشن برائے لوکل کونسلز اور نئے مستقل بجٹ ہیڈ کا قیام شامل ہے۔

فیصل ممتاز راٹھور نے محکمہ لوکل گورنمنٹ کو لوکل کونسلز کے منتخب نمائندگان کے ساتھ کوآرڈنیشن کے موثر نظام کو وضع کرنے کی ہدایت کی اور بتایا کہ شفاف اور جوابدہ نظام ہی ترقی کا ضامن ہے۔چوہدری قاسم مجید وزیر امور منگلا نے کہا کہ بلدیاتی ادارہ جات میں ریفارمز کے لیے حکومت سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے تاہم ان اداروں کو اپنی آمدن کے ذرائع بھی بڑھانے ہو نگے۔

اعلیٰ سطحی اجلاس میں وزراء حکومت،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی شاہد محی الدین قادری،ممبران کمیٹی مئیر میونسپل کارپوریشن مظفرآباد،سید سکندر نثار گیلانی ،مئیر میونسپل کارپوریشن باغ میجر(ر) عبدالقیوم، چیئرمین ضلع کونسل مظفرآباد سردار امتیاز جاوید عباسی،چیئرمین ضلع کونسل پونچھ سردار جاوید شریف ایڈوکیٹ، ،چیئرمین یونین کونسل ہیر کٹلی مظفرآباد میر ماجد حسین،،ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ عدنان خورشید،ڈرافٹسمین محکمہ قانون راجہ زاہد محمود،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈعقیل محمود ،ایڈیشنل سیکرٹری مالیات سرفراز اعوان،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بابر منہاس نے شرکت کی۔

اجلاس میں کمیٹی کو لوکل کونسلز میں تجویز کی گئی اصلاحات اور ترامیم سے آگاہ کیا گیا۔ منتخب چئیرمینز اور مئیرزامتیاز عباسی، جاوید شریف ایڈوکیٹ، سکندر نثار گیلانی اور عبدالقیوم نے گرانٹ ان ایڈ کی فراہمی سمیت لوکل کونسلز کے مسائل کے حل کے لیے کیے جانے والی حکومتی اقدامات کی تعریف کی اور حکومت کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے مشترکہ طور پر مطالبہ کیا کہ لوکل کونسلز کے لیے مالی سال2024-25کے بجٹ میں علیحدہ بجٹ ہیڈ اور نئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی منظوری اسی مالی سال کے دوران کی جائے۔

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شاہد محی الدین قادری نے گرانٹ کی ترقیاتی منصوبہ جات کی نشاندہی، سکیم ھا کی تیاری، منظوری اور اخراجات کے طریقہ کار اور لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں دئیے گئے طریقہ کار سے فورم کو آگاہ کیا۔ اسکے علاوہ انہوں نے علاوہ لوکل کونسلز کو درپیش مسائل، سٹاف اور اکاونٹس کے متعلقہ ایشوز اور آئندہ کے طریقہ کارپر بھی بریف کیا۔