بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے ڈیپازٹس چندماہ میں 11 ارب روپے کے ریکارڈ اضافے کیساتھ35.23 ارب روپے سے زیادہ ہو گئے

جمعرات 9 مئی 2024 19:01

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2024ء) بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے ڈیپازٹس رواں سال کے پہلے چندماہ میں 11 ارب روپے کے ریکارڈ اضافے کے ساتھ35.23 ارب روپے سے زیادہ ہو گئے۔ادارے کے ڈیپازٹس میں گزشتہ چند ماہ کے دوران45 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔گزشتہ روز بزنس کو فروغ دینے سے متعلق صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد شہزاد میر کی زیر صدارت منعقدہونے والے ایک جائزہ اجلاس میںکہا گیا کہ بینک ڈیپازٹس کے ساتھ ساتھ منافع ،گھریلو ترسیلات زر، اثاثہ جات سمیت تمام بزنس اہداف عبور کر رہا ہے ۔

31مارچ2023کو ادارے کے کل ڈیپازٹس 24.14ارب روپے تھے جو آج بڑھ کر بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ وزیراعظم چوھدری انوارالحق ، وزیر خزانہ خان عبد الماجد خان کی ہدایات، بورڈ آف ڈائریکٹرز کی زیر سرپرستی،صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کی نگرانی میں موثر بزنس حکمت عملی، سٹاف کی انتھک محنت، صارفین کے تعاون و اعتمادکے باعث ادارے کا بزنس پروفائل یکسر تبدیل ہو رہا ہے اور بینک کو آزاد کشمیرکا سب سے زیادہ منافع بخش ا دارہ بنا نے کی کاوشیں جاری رکھی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

صدر بینک نے حکومت اور صارفین سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کے تعاون اور اعتماد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ بینک کی ترقی کا سفر جاری و ساری رکھنے کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔