پونچھ میں محاصرے اورتلاشی کی کارروائیاں آٹھویں روز بھی جاری

اتوار 12 مئی 2024 13:30

جموں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2024ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ضلع پونچھ کے علاقے ششی دھر میں 4مئی کوبھارتی فضائیہ کی گاڑیوں پر حملے کے بعد بھارتی فورسز کی طرف سے شروع کی گئی محاصرے اورتلاشی کی کارروائیاںاتوار کو مسلسل آٹھویں روز بھی جاری ر ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 4مئی کو ضلع پونچھ کے علاقے ششی دھر میں نامعلوم مسلح افراد نے بھارتی فضائیہ کی گاڑیوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک اہلکارہلاک اورچاردیگر زخمی ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

بھارتی فورسز نے حملے کے بعد علاقے میں محاصرے اورتلاشی کی کارروائیاں شروع کیں جو آج آٹھویں روز بھی جاری رہیں ۔ بھارتی فورسز نے اس دوران درجنوں بے گناہ شہریوں کو گرفتارکرلیا ہے۔قابض حکام نے بتایا کہ بھارتی فوج اور پولیس کی مشترکہ ٹیموں نے شاستر، ڈنہ، جران والی گلی، گرسائی ٹاپ اور شیندر اسمیت مختلف علاقوں میں محاصرے اورتلاشی کی کارروائیاں کیں۔ قابض حکام کے مطابق ان علاقوں میں خاص طورپر جنگلات میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں ابھی بھی جاری ہیں۔