پاکستان کو اس وقت سیاسی استحکام کی ضرورت،سیاست کے نام پر ریاستی مفادات سے کھیلنے والوں کی ملکی سیاست میں کوئی گنجائش نہیں،فرح ناز اکبر

تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو قومی مفاد میں اپنے سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کرایک دوسرے کوگرانے اور ناکام بنانے کا سلسلہ بند کرناہوگا،مسلم لیگی رہنما و رکن قومی اسمبلی

اتوار 12 مئی 2024 16:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2024ء) پاکستا ن مسلم لیگ(ن) کی رکن قومی اسمبلی و مسلم لیگ(ن) شعبہ خواتین اسلام آباد کی صدر فرح ناز اکبر نے اپنے جاری بیان میں کہاہے کہ ملک وقوم کی تعمیرو ترقی ،خوشحالی وفلاح و بہبودمسلم لیگ(ن) کی قیادت کاہمیشہ اولین ایجنڈا رہاہے،جس کی تکمیل کیلئے موجودہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کارلا رہی ہے،قائد نوازشریف کی مخلصانہ قیادت میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت معاشی حالات کو مستحکم اور پاکستان کو تعمیر و ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اورپاکستانی معیشت میں بہتری آنا شروع ہوگئی ،انشاء اللہ جلد ہی پاکستان معاشی بحرانوں سے نکل کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ مہنگائی سے ہے،اس وقت ملک تجربات کا مزید متحمل نہیں ہوسکتا،ملک بہت نازک موڑ سے گزررہاہے، ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھناچاہیے، جب تک ملک میں سیاسی استحکام نہیں ہوگا اس وقت تک ملک کی معیشت بہتر نہیں ہوسکتی اس لئے تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں قومی مفاد میں اپنے سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھنے،ایک دوسرے کوگرانے اور ناکام بنانے کا سلسلہ بند کرکے ملک میںسیاسی استحکام پیدا کریں ،قومی مفادات کو ترجیح دیں اورملک میں پائیدارامن کے قیام کی خاطر اپنا بھرپور کردارادا کریں تاکہ بدامنی پھیلانے والوں کوحوصلہ شکنی ہوسکے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگی رہنما فرح ناز اکبر نے کہاکہ قائدنوازشریف کی رہنمائی میں مسلم لیگ(ن) معیشت کوبہتر کرنے کیلئے اپنا کرداراداکرتی رہے گی،تجارتی سرگرمیاں تیز ہونگی تو بے روزگاری اور مہنگائی کے خاتمے ساتھ ملکی معیشت بھی بہتری ہوگی ،غیر ملکی سرمایہ کاری 7سالوں میں پاکستان نہیں آ سکی،اب وزیراعظم شہبازشریف کی پالیسیوں کی بدولت سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہورہا ہے، حکومتی معاشی پالیسیوں کے ثمرات نمایاں ہو رہے ہیں،آئی ایم ایف، ایشین ڈویلپمنٹ بنک سمیت بڑے عالمی ادارے بھی پاکستان کی معاشی پالیسیوں کے معترف ہیں،ان حالات میں انارکی پسندوں ،اداروں کو بے توقیر کرنے والوں اور سیاست کے نام پر ریاستی مفادت سے کھیلنے والوں کی ملکی سیاست میں کوئی گنجائش نہیں،پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں اس نام نہاد سیاسی جماعت نے ملک کو خانہ جنگی کا شکار کرنے کی سازش رچی اور ملکی سیاست میں تشددکے رجحانات متعارف کروائے،پاکستان کو اس وقت سیاسی استحکام کی ضرورت ہے جس کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز سیاسی جماعتیں بھرپور کردارادا کررہی ہیں مگر تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جو ملک کو اندرونی سیاسی خلفشار کا شکارکرکے جمہوریت کو کمزور کرنے اور سیاسی و معاشی استحکام کی راہ روکنے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔