Live Updates

شہباز شریف مسلم لیگ ن کی صدارت سے مستعفی

پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس 18 مئی کو لاہور میں طلب کرلیا گیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 13 مئی 2024 15:31

شہباز شریف مسلم لیگ ن کی صدارت سے مستعفی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی 2024ء ) وزیراعظم شہباز شریف مسلم لیگ ن کی صدارت سے مستعفی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی عہدہ چھوڑ دیا ہے، انہوں نے مسلم لیگ ن کی صدارت سے استعفیٰ اپنے پارٹی قائد نواز شریف کو ارسال کردیا ہے، جس کے بعد ن لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس 18 مئی کو لاہور میں طلب کیا گیا ہے، اس اجلاس میں ن لیگ کی جانب سے قائم مقام صدر کا انتخاب کیا جائے گا جس کے بعد ن لیگ 28 مئی کو نئے پارٹی صدر کا باقاعدہ انتخاب کرے گی، جس کے بعد نواز شریف دوبارہ سے پارٹی صدر ہوں گے کیوں کہ نواز شریف کو پارٹی صدر بنانے کی قرار داد پہلے ہی پیش کی جا چکی ہے۔

اس حوالے سے مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن لیگ پنجاب نے درخواست کی ہے کہ نواز شریف پارٹی کی قیادت دوبارہ سنبھالیں،نواز شریف کو سازش کے تحت نااہل کرکے پارٹی کی صدارت سے ہٹایاگیاتھا،نواز شریف کی قیادت میں ن لیگ آگے بڑھے گی،آج کے اجلاس میں قراردار پیش کی گئی جسے منظور کر لیاگیاہے اور کارکنان کی خواہش ہے کہ نواز شریف مسلم لیگ ن کی صدارت دوبارہ سنبھالیں، مشکل وقت میں نوازشریف دوبارہ پارٹی کی قیادت کریں ، پارٹی کا آپریشنل عہدہ صدر کا ہی ہے، مسلم لیگ ن دوبارہ مقبولیت اور اپنا مقام حاصل کرے گی، جس کے لیے ہم وہی لیڈر شپ فراہم کریں گے جس کی عوام توقع رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارٹی بیانیہ وہی رہے گا جس کی منظوری نواز شریف دیں گے، وزیراعظم ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں، پارٹی اجلاس میں وزیراعظم شہبازشریف کی کوششوں کی تائید کی گئی، شہباز شریف ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں، شہبازشریف کی کوششوں سے ملک میں معاشی استحکام آرہا ہے، ہم اپنی کوتاہیوں و کمزوریوں پر قابو پائیں گے، مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت عوام کو ریلیف دینے اور مہنگائی کو دور کرنے کیلئے کام کر رہی ہے، اجلاس نے مریم نواز کی کوششوں کو سراہا ، مریم نوازنے اپنی بہترین حکمت عملی کے باعث عوام کیلئے کئی فلاحی منصوبے شروع کئے ہیں جو ان کی عوام دوستی کا ثبوت ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات