کشمیری عوام 5 اگست 2019 کے فیصلوں کی وجہ سے بی جے پی سے سخت ناراض ہیں، محبوبہ مفتی، فاروق عبداللہ

بدھ 15 مئی 2024 14:27

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2024ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی سربراہ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ سری نگر لوک سبھا حلقے کے لوگوں نےمودی حکومت کے 5اگست 2019 کے فیصلوں کے خلاف شدید غم وغصے کا اظہار کیا ہے۔ گزشتہ روز ہونے والی پولنگ میں لوگوں نے بھر پور حصہ لیا اور 5اگست 2019کے مودی حکومت کے فیصلوں کے خلاف شدید رد عمل دیا۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے پولنگ میں بھر پور شرکت کر کے بھارتی حکومت کو یہ واضح پیغام دیا کہ زمینوں ، مکانوں پر قبضے ، ملازمتوں سے لوگوں کی برطرفی جیسے نوا ٓبادیاتی اقدامات کشمیریوں کو ہرگز قابل قبول نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے شکست کے خوف سے مقبوضہ وادی میں اپنے امیدوار کھڑے نہیں کیے۔ادھر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ٹیٹوال اور تنگدھر کے علاقوں میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5اگست 2019کے فیصلوں کی وجہ سے کشمیری عوام بی جے پی سے سخت ناراض ہیں۔