تارکین وطن پاکستانی ، کشمیری مسئلہ کشمیرکو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، مقررین

بدھ 15 مئی 2024 19:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2024ء) کشمیری ہنماؤں نے کشمیر کاز کے حوالے سے عالمی سطح پر بیداری پیدا کرنے میں تارکین وطن پاکستانیوں اور کشمیریوں کی انتھک کوششوں کو سراہا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیری رہنمائوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں شاخ کے زیر اہتمام آج کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تارکین وطن پاکستانی اور کشمیری کشمیر کے دیرینہ تنازعے کے پرامن حل کی وکالت میں انتہائی اہم کردار اداکر رہے ہیں۔

تقریب کی صدارت کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے کی ۔ مقررین نے کشمیری تارکین وطن اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے درمیان باہمی روابط میں تیزی لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی بے مثال قربانیوںکی وجہ سے تنازعہ کشمیر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب بھارت نے حریت رہنماؤں، صحافیوں، علمائے کرام، نوجوانوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں سمیت ہزاروں کشمیریوں کو جیلوںمیں بند کر رکھا ہے اوراظہار رائے کی آزادی سمیت کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں، ہمیں مظلوم کشمیریوں کے حق میں عالمی حمایت کے حصول کیلئے ایک جامع فریم ورک مرتب کرنے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں تارکین وطن پاکستانیوں اور کشمیریوں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی،بھارت کے تسلط پسندانہ عزائم اوربی جے پی کے مسلم دشمن ایجنڈے کو بے نقاب کرنا ہونی چاہیے ۔مقررین نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور یورپی یونین سمیت عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنی خاموشی توڑیں اور تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے کردار ادا کریں۔مقررین میں ڈاکٹر غلام نبی فائی، محمد غالب ، نذیر احمد قریشی، راجہ نجابت حسین، راجہ فہیم کیانی، ظفر قریشی، سردار ذوالفقار اور مزمل ٹھاکر شامل تھے۔

انہوں نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور یورپی یونین سمیت عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنی خاموشی توڑیں اور تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کی حمایت کریں۔تقریب میں محمود احمد ساغر، غلام محمد صفی، سید فیض نقشبندی، الطاف حسین وانی، امتیاز وانی، محمد حسین خطیب، نثار مرزا، ایڈووکیٹ پرویز احمد، سید اعجاز رحمانی، راجہ خادم حسین، محمد شفیع ڈار، شیخ محمد یعقوب ، زاہد صفی، انجینئر مشتاق محمود، حاجی سلطان بٹ، الطاف احمد بٹ، شیخ عبدالماجد، گلشن احمد، منظور احمد ڈار، مشتاق احمد بٹ، زاہد اشرف، عبدالمجید لون، سید کفایت حسین رضوی، سید مشتاق، محمد اشرف ڈار، محمد اشرف ڈار،خورشید احمد میر، سلیم ہارون، افسر خان، نجیب اللہ، راجہ پرویز احمد، ڈاکٹر ولید، رئیس احمد میر، ابو زر اور دیگر شریک تھے۔