بھارتی قبضے کی وجہ سے کشمیریوں کا امن و سکون تباہ ہو چکا ہے،کل جماعتی حریت کانفرنس

جمعرات 16 مئی 2024 11:48

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ غیر قانونی بھارتی تسلط کی وجہ سے کشمیری شدید مصائب و مشکلات سے دوچار ہیں اور ان کا امن وسکون تباہ ہو چکا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے آج”امن کے ساتھ باہم مل جل کر رہنے “ کے عالمی دن پر سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت حق خود ارادیت کے مطالبے کی پاداش میں کشمیریوں کو بے انتہا مظالم کا نشانہ بنا رہا ہے اور اس نے جموںوکشمیر پر غیر قانونی قبضہ جما کر پورے خطے کا امن دائو پر لگا رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کا سب سے بڑا نام نہا دجمہوری ملک بھارت مقبوضہ علاقے میں عالمی قوانین ، اصول و ضوابط اور عدل و انصاف کی دھجیاں کی اڑا رہا ہے لہذا عالمی برادری کو چاہے کہ وہ اسکا نوٹس لے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ بھارت کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور کشمیریوں کے سیاسی حقوق سلب کرنے پر جوابدہ بنانے کی ضرورت ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ کشمیری امن پسند لوگ ہیں اور انکا واحد مطالبہ اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ اپنے ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت کی فراہمی ہے ۔

ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری کو بھی چاہیے کہ وہ کشمیریوں کے جذبات و مطالبات کا خیال کرے اور انہیں ان کا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دلانے کیلئے کردار ادا کرے۔دریں اثنا،غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری حریت رہنمائو ں کے اہلخانہ نے ان کی سلامتی کے بارے میں گہری تشویش ظاہر کی ہے۔اہلخانہ نے کہا ہے کہ ان کے پیاروں کو جھوٹے مقدمات میں قید کیا گیاہے اور انہیں طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ نظربندوں کی حالت زار کا نوٹس لیتے ہوئے ان کی رہائی کے لیے بھارت پر دبائو ڈالیں۔بھارت نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، نعیم احمد خان، آسیہ اندرابی، ناہیدہ نسرین، فہمیدہ صوفی، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، معراج الدین کلوال، شاہد الاسلام، فاروق احمد ڈار، سید شاہد شاہ، سید شکیل احمد، ڈاکٹر حمید فیاض، بلال صدیقی، مولوی بشیر عرفانی، مشتاق الاسلام، امیر حمزہ، عبدالاحد پرہ، نور محمد فیاض، حیات احمد بٹ، ظفر اکبر بٹ، محمد یوسف فلاحی، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی، غلام قادر بٹ، عمر عادل ڈار، سلیم ناناجی، محمد یاسین بٹ، فردوس احمد شاہ، سرجان برکاتی، انسانی حقوق کے محافظ خرم پرویز، صحافی آصف سلطان اور دیگر کو جھوٹے مقدمات میں نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ اور دیگر جیلوں میں کئی سال سے قید کر رکھا ہے۔