آزاد کشمیرمیں ہنگامے، آئی جی پولیس کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

ایف آئی اے میں تعینات گریڈ 20 کے عبدالجبار آئی جی آزاد کشمیر پولیس تعینات ہوئے ہیں، نوٹیفکیشن

ہفتہ 18 مئی 2024 17:51

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2024ء) آزاد کشمیر کے آئی جی پولیس سہیل حبیب تاجک کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔آئی جی پولیس آزاد کشمیر سہیل حبیب تاجک کو عہدے سے ہٹا کر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سہیل حبیب تاجک کی جگہ عبدالجبار کو آئی جی آزاد کشمیر پولیس تعینات کر دیا گیا ہے۔

عبدالجبار کی تعیناتی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ،گریڈ 20 کے عبدالجبار ایف آئی اے میں تعینات تھے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں آزادکشمیر میں مہنگی بجلی اور ٹیکسز کے خلاف احتجاج کے دوران مظاہرین اور پولیس میں تصادم کے باعث متعدد مظاہرین اور پولیس اہلکار زخمی ہوئے جبکہ فائرنگ سے ایک سب انسپکٹر بھی جاں بحق ہوا تھا۔