Live Updates

عمران خان اسمبلی نہ چھوڑتے تو دوبارہ وزیراعظم بن جاتے، طاہراشرفی

ان کی حکومت کسی نے نہیں انہوں نے خود گرائی، عمران خان کو قمر باجوہ نے کہا تھا صرف 3 ووٹ کا فرق ہے مستعفی نہ ہوں، قمرباجوہ نے سچ بول دیا تو یہ سب منہ چھپاتے پھریں گے۔ چیئرمین پاکستان علما کونسل کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 21 مئی 2024 16:19

عمران خان اسمبلی نہ چھوڑتے تو دوبارہ وزیراعظم بن جاتے، طاہراشرفی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مئی 2024ء ) چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ میں گارنٹی سے کہتا ہوں اگر عمران خان اسمبلی نہ چھوڑتے تو وہ دوبارہ وزیراعظم بن جاتے، قمرباجوہ کہتے ہیں اگر سچ بول دیا تو یہ سب منہ چھپاتے پھریں گے۔ اے آر وائی نیوز سے منسلک صحافی نعیم اشرف بٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ادارے کی جانب سے ناراض ایم این ایز کی لسٹ دی گئی اورکہا گیا تھا ان کو راضی کرلیں، ان میں سے 12 ایم این ایز مجھ سے رابطے میں تھے، جو صرف بانی پی ٹی آئی کے نہ ملنے پر ناراض تھے، عمران خان ان کو بلاکر راضی کر سکتے تھے، وہ ایم کیوایم کے پاس گئے تو وہاں جاکر بھی بات ہی نہیں کی، سابق وزیراعظم اپنی غلطی بھی تومان لیں۔

علامہ طاہراشرفی نے انکشاف کیا کہ عمران خان کو قمر باجوہ نے کہا تھا صرف 3 ووٹ کا فرق ہے مستعفی نہ ہوں، لیکن بانی پی ٹی آئی غلط معلومات پر مفروضہ بنا چکے تھے کہ قمرباجوہ ان کے خلاف ہیں، عمران خان اگر خود پر قابو رکھتے تو یہ نوبت نہ آتی، میں نے جب عمران خان سے بات کرنے کو کہا تو مجھے جواب ملا قمرباجوہ شہبازشریف سے مل گیا ہے، بانی پی ٹی آئی کو مستعفی ہونے سے 3 روز قبل کہا فوج آپ کے خلاف ہوتی تو میں آپ کے پاس نہ ہوتا، میں گارنٹی سے کہتا ہوں بانی پی ٹی آئی اگر اسمبلی نہ چھوڑتے تو دوبارہ وزیراعظم بن جاتے، ان کی حکومت کسی نے نہیں انہوں نے خود گرائی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بہت سے لوگ اب بھی مذاکرات چاہتے ہیں لیکن اس کے لیے انا قربان کرنا ہوگی، میں اس ملک کے لیے سب کے پاؤں پکڑنے کو تیارہوں لیکن سوال یہ ہے کہ معاملات کی بہتری کے لیے عمران خان کا ضامن کون بنے گا، دنیا میں کوئی ایسا شخص ہے جو بانی پی ٹی آئی کا ضامن بنے؟ بطور صدر عارف علوی نے کوشش کی تو اس وقت بھی ضامن کا سوال ہوا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات