سعودی وزیرخارجہ کی تہران آمد ، اعلی قیادت سے تعزیت

جمعرات 23 مئی 2024 15:14

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2024ء) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان مرحوم ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی تعزیت کیلئے ایرانی دارالحکومت تہران پہنچے۔عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے صدر مملکت ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کی وفات پر ایگزیکٹو اتھارٹی کے قائم مقام سربراہ محمد مخبر سے تعزیت کی اور ہمدردی کا ایک ٹیلی گرام بھیجا تھا۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی ایگزیکٹو اتھارٹی کے قائم مقام سربراہ محمد مخبر کو اپنا تعزیتی پیغام ارسال کیا۔شہزادہ فیصل بن فرحان نے ایران کے وزیر خارجہ علی باقری کنی کو ٹیلی فون کیا، ٹیلی فون کال کے دوران سعودی وزیر خارجہ نے ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی، ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ان کے ساتھیوں کے انتقال پر گہرے دکھ اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف بھی تعزیت کے لیے تہران پہنچے تھے، شہباز شریف نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی اور صدر ابراہیم رئیسی کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای نے پانچ روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے اور نائب صدر 68 سالہ محمد مخبر کو 28 جون کو ہونے والے انتخابات تک نگراں صدر مقرر کیا ہے۔واضح رہے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ اور دیگر حکام کا ہیلی کاپٹر ایران کے شمال مغرب میں واقع مشرقی آذربائیجان کے صوبے میں 19 مئی کو پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا تھا۔