وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کا فیلڈ آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے، صوبائی وزیر خوراک

بدھ 5 جون 2024 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2024ء) صوبائی وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کا فیلڈ آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے، اس حوالے سے ٹرانسفارمر چوک شاہ عالم مارکیٹ میں جعلی یونٹ پر چھاپہ مارا گیا جس میں 3400 کلو جعلی پیک مصالحہ جات، 2620 کلو کھیر مکس، 400 کلو چھلکا اسپغول، 1400 کلو سپائسز بیگ اور 1000 کلو پیکنگ میٹریل برآمد ہوا ،ایکسپائرڈ مصالحہ جات کو دوبارہ معروف برانڈز کی پیکنگ لگائی جارہی تھی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ زائد المیعاد مصالحہ جات کو دلکش پیکنگ لگا کر لاہور اور گردنواح میں موجود چھوٹی بڑی دوکانوں اور ہوٹلز پر سپلائی کیا جانا تھا۔

(جاری ہے)

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جعلی اشیا خوردونوش کی ترسیل ناکام بنا کر لاہورہوں کو بیماریوں سے بچایا ہے، سستے داموں بنیادی اشیا خرید کر خوراک تیار کرنے والے ہوٹلز کے خلاف بھی گھیرا تنگ کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر سپیشل میٹ سیفٹی ٹاسک فورس اور ڈیری سیفٹی علیٰ الصبح شہر کے داخلی راستوں کی سخت ناکہ بندیاں کر رہی ہیں۔ بلال یاسین نے واضح کیا کہ ملاوٹ زدہ دودھ، بیمار گوشت اور دیگر جعلی اشیا کی خرید و فروخت پر سخت پابندی عائد ہے۔اب ملاوٹ مافیا کی پنجاب میں کوئی جگہ نہیں، کاروبار جڑ سے اکھاڑ کر سخت سزائیں دلوائی جائیں گی۔