لاہور میں سکیورٹی گارڈ نے اپنی ہی کمپنی کے مالک کو قتل کر دیا

کمپنی کا مالک ملازمین پر بہت سختی کرتا تھا اس لیے اسے قتل کیا۔ ملزم کو پولیس کو ابتدائی بیان

Sajid Ali ساجد علی منگل 11 جون 2024 15:30

لاہور میں سکیورٹی گارڈ نے اپنی ہی کمپنی کے مالک کو قتل کر دیا
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جون 2024ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں سکیورٹی گارڈ نے اپنی ہی کمپنی کے مالک کو قتل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ لاہور کے علاقہ غالب مارکیٹ میں اس وقت پیش آیا جب نجی سکیورٹی کمپنی کا مالک غلام رسول آج صبح دفتر آنے کے لیے گاڑی میں اپنے آفس کی پارکنگ میں پہنچا، اس دوران وہ کار کی ڈِگی سے سامان نکال رہا تھا کہ سکیورٹی گارڈ مدنی جلیل نے اس پر فائرنگ کردی، جس کے بعد ملزم نے مقتول کے قریب آ کر اس کے سر میں بھی گولی مار دی اور اپنی ہی کمپنی کے مالک کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

بتایا گیا ہے کہ واقعے کے بعد مارکیٹ کے لوگ جمع ہو گئے جنہوں نے ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا، جس کے بعد پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کرکے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا اور واقعے کی تفتیش شروع کر دی، ملزم کی جانب سے پولیس ابتدائی بیان بھی رکارڈ کروا دیا ہے، جس میں اس نے مؤقف اختیار کیا ہے نجی سکیورٹی کمپنی کا مالک اپنے ملازمین پر بہت سختی کرتا تھا اس لیے اسے قتل کیا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف کراچی کے علاقہ سخی حسن میں سرینا موبائل مارکیٹ کے قریب سکیورٹی گارڈ نے ویڈیو بنانے والے نوجوان کو گولی مار کر قتل کردیا، مقتول ولاگر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاک بھارت کرکٹ میچ سے متعلق شہریوں کی رائے لینے سرینا موبائل مارکیٹ گیا تھا، نوجوان ٹک ٹاک کے لیے ویڈیو ریکارڈ کررہا تھا کہ اس دوران وہاں موجود سکیورٹی گارڈ نے سعد کو ویڈیو بنانے سے منع کیا اور ساتھ ہی اس پر گولیاں چلادیں، جس سے 24 سالہ نوجوان سعد احمد ولد مختیار احمد جاں بحق ہوگیا۔

ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر پولیس نے فائرنگ کرنے والے گارڈ کو گرفتار کرلیا جس کی شناخت احمد گل ولد زواتا خان کے نام سے ہوئی ہے، ملزم کی گرفتاری کے بعد سعد علی کے قتل کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا، تیموریہ تھانے میں مقتول کے والد کی مدعیت میں درج مقدمے میں گارڈ، سکیورٹی کمپنی، سرینا موبائل مارکیٹ کے ذمہ داروں کو نامزد کیا گیا ۔