ایئرپورٹس کے گردونواح کے علاقوں میں عیدالاضحیٰ پر خصوصی صفائی مہم

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کراچی، لاہور، اسلام آباد، ملتان، فیصل آباد سمیت دیگر ایئرپورٹس پر آگاہی بینزر آویزاں کردیئے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 16 جون 2024 13:30

ایئرپورٹس کے گردونواح کے علاقوں میں عیدالاضحیٰ پر خصوصی صفائی مہم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جون2024ء) پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پرندوں کے جہازوں سے ٹکرانے کے واقعات کی روک تھام کے لئے ملکی ایئرپورٹس اور گردونواح کے علاقوں میں عیدالاضحیٰ پر صفائی کے حوالے سے خصوصی آگاہی مہم شروع کردی، مہم میں خاص طور پر اجاگر کیا جارہاہے کہ پرندوں کا جہازوں سے ٹکرانا بڑے حادثہ کا سبب بن سکتا ہے۔

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق کراچی، لاہور، اسلام آباد، ملتان، فیصل آباد، اسکردو سمیت دیگر ملکی ایئرپورٹس پر آگاہی بینزر آویزاں کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے شہریوں کو آگاہ کیا جارہا ہے کہ ایئر پورٹس کے اطراف کچرے اور قربانی کی باقیات پر پرندے لپکتے ہیں جو جہازوں کے لئے خطرہ ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے ایئرپورٹس کے قریب مساجد میں عیدالاضحیٰ پر صفائی کے اہتمام سے متعلق اعلانات کرنے کا سلسلہ بھی شروع کیا ہے، علاقہ مکینوں سے خصوصی اپیل کے لئے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے عیدالاضحیٰ پر صفائی کے حوالے سے آگاہی پر مشتمل مواد بھی جاری کیا ہے، اس آگاہی مہم کا مقصد عیدالاضحیٰ کے دوران قربانی کی باقیات کو درست طور پر ٹھکانے لگانے کی ترغیب دینا ہے، مہم کا مقصد ائیر پورٹس کے قریب آبادیوں میں صفائی کے حوالے سے بیداری پیدا کرنا بھی ہے۔