شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کی پارٹی کے نام پر اعتراض اٹھا دیا گیا

عوام پاکستان پارٹی کا نام ہماری جماعت ہم عوام پاکستان پارٹی سے ملتا جلتا ہے،چیئرمین محمد امجد چوہدری نے اپنا اعتراض الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جمع کروا دیا

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 9 جولائی 2024 13:40

شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کی پارٹی کے نام پر اعتراض اٹھا دیا ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09جولائی 2024 ) شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کی نئی پارٹی کے نام پر اعتراض اٹھا دیاگیا،عوام پاکستان پارٹی کے نام پر اعتراض الیکشن کمیشن میں داخل کر دیا گیا،چیئرمین ہم عوام پاکستان پارٹی محمد امجد چوہدری نے اپنا اعتراض الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جمع کروا دیاگیا۔اس حوالے سے ہم عوام پاکستان پارٹی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ عوام پاکستان پارٹی کا نام ہماری جماعت سے ملتا جلتا ہے۔

الیکشن ایکٹ کے مطابق ہر سیاسی جماعت کا الگ نام ہونا چاہیے۔ ہماری جماعت چار 5 سال سے موجود ہے ہمارا ووٹ بینک ہے، اگر ایک نام سے جماعت درج ہوئی تو ہمارا ووٹ بینک متاثر ہو گا۔چیئرمین ہم عوام پاکستان امجد چوہدری نے الیکشن کمیشن سے اپنے اعتراض میں یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ شاہد خاقان عباسی کی عوام پاکستان پارٹی کو بطور جماعت درج نہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ دو روزقبل سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اپنی سیاسی پارٹی عوام پاکستان پارٹی کوباقاعدہ لانچ کیا تھا ۔نئی سیاسی جماعت عوام پاکستان پارٹی کا نعرہ ”بدلیں گے نظام“ رکھا گیا تھا۔یہ بھی بتایاگیا تھا کہ شاہد خاقان عباسی پارٹی کے کنوینراور مفتاح اسماعیل سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے تھے۔

عوام پاکستان پارٹی کے جھنڈے کا رنگ سبز اور نیلا رکھا گیا تھاجس میں پارٹی کا نام سفید رنگ سے تحریر کیاگیاتھا۔عوام پاکستان پارٹی کے دیگر رہنماﺅں میں سردارمہتاب عباسی، سابق وفاقی وزیرصحت ڈاکٹر ظفر مرزا، سابق صوبائی وزیر پنجاب زعیم قادری اور دیگر سیاسی رہنما شامل تھے ۔نئی سیاسی جماعت عوام پاکستان پارٹی کی باقاعدہ لانچنگ تقریب اسلام آبادمیں منعقد کی گئی تھی ۔اس حوالے سے پارٹی کی رکن آگنائزنگ کمیٹی فاطمہ عاطف کا کہنا تھا کہ پارٹی کے انٹرا پارٹی الیکشن 19 جون کو ہوئے تھے جس میں شاہد خاقان عباسی کو پارٹی کا کنوئینر منتخب کیا گیا جبکہ مفتاح اسماعیل سیکرٹری کے طور پر منتخب ہوئے تھے۔