Live Updates

پاکستان میں زرمبادلہ کے خالص ذخائر 9.4 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں

مہنگائی کی شرح کم ہوکر 12.6 فیصد پر آگئی، ترسیلات زر 7.7 فیصد بڑھیں، ٹیکس بیس میں بھی 30فیصد اضافہ ہوا ہے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی عالمی درجہ بندی کے ادارے ایس اینڈ پی کے وفد سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 10 جولائی 2024 19:25

پاکستان میں زرمبادلہ کے خالص ذخائر 9.4 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جولائی 2024ء) وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشی اصلاحات پر آئی ایم ایف سے بات چیت جاری ہے، سرکاری اداروں کی کارکردگی بھی بہتر بتائی جارہی ہے ۔ میڈیا کے مطابق وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے عالمی درجہ بندی کے ادارے ایس اینڈ پی کے وفد سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی معاشی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے وفد کو بتایا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ 9 ماہ کا قرض پروگرام کامیابی سے مکمل کیا۔ پاکستان میں زرمبادلہ کے خالص ذخائر 9.4 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں، ملک میں مہنگائی کی شرح کم ہوکر 12.6 فیصد تک ہوگئی ہے، سمندر پار پاکستانیوں کے ترسیلات زر 7.7 فیصد بڑھیں۔ٹیکس بیس میں 30فیصد اضافہ ہوا، سرکاری اداروں کی کارکردگی بھی بہتر بتائی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

وزیرخزانہ نے کہا کہ معاشی اصلاحات پر آئی ایم ایف سے بات چیت جاری ہے۔ نیوز ایجنسی کے مطابق وزیر خزانہ نے کہا کہ جون 2024 میں صارفین کیلئے قیمتوں کا اشاریہ 12.6 فیصد کی سطح تک گرگیاہے جس سے مہنگائی میں کمی کی عکاسی ہو رہی ہے، سمندرپارپاکستانیوں کی ترسیلات زر میں 7.7 فیصد اضافہ ہو ا۔ انہوں نے ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے کی حکومت کی کو ششوں پر بھی روشنی ڈالی اور کہاکہ مالی سال 2024 کے دوران ٹیکسوں کی وصولی میں سالانہ بنیادوں پر 30 فیصد اضافہ ہو ا، جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکسوں کی شرح میں بھی بہتری ہو ئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور سرکاری اداروں کی نجکاری سمیت کئی شعبوں میں اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ کثیرالجہتی اداروں کی جانب سے پاکستان میں مختلف منصوبوں کے لیے مالی معاونت کی فراہمی سے پاکستان پر عالمی اعتماد کی عکاسی ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کے معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے پاکستان اس وقت آئی ایم ایف کے ساتھ ایک نئے وسط مدتی پروگرام کیلئے بات چیت کر رہا ہے۔ سیکرٹری خزانہ نے حکومت کے معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کی وضاحت کی جس کی عکاسی مالی سال 25 کے بجٹ میں ہو رہی ہے۔ وفد نے حکومت پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات اور اقتصادی اشاریوں میں بہتری کو سراہا۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات