آئندہ 3روز کے دوران کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان

کراچی میں موسم گرم و مرطوب جبکہ مضافاتی علاقوں میں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے،محکمہ موسمیات

منگل 16 جولائی 2024 15:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2024ء) مون سون ہوائوں کا سلسلہ سندھ میں داخل ہونے کے سبب منگل سے جمعرات کے دوران کراچی میں موسم گرم و مرطوب جبکہ مضافاتی علاقوں میں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر پیش گوئی کے مطابق کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب صبح کے وقت 70 سے 80 اور شام کے وقت 60 تا 70 فیصد ہونے کے سبب اصل درجہ حرارت سے زیادہ گرمی محسوس کی جا سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل سے ہفتے کے درمیان تھرپارکر، عمرکوٹ، ٹھٹھہ، سجاول، جامشورو میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی اور موسلادھار بارش کا امکان ہے جبکہ 17 سے 20 جولائی کے دوران سانگھڑ، میرپورخاص، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان اور مٹیاری میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔اسی طرح، 18 سے 20 جولائی کے دوران دادو، قمبر شہداد کوٹ، لاڑکانہ، کشمور، شکارپور، حیدرآباد، گھوٹکی، سکھر اور خیرپور میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔