خیبر پختونخوا ،رواں سال اب تک دہشت گرد حملوں میں 563 افراد شہید یا زخمی

جمعرات 25 جولائی 2024 19:35

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2024ء) خیبر پختونخوا میں رواں سال اب تک دہشت گرد حملوں میں 563 افراد شہید یا زخمی ہوئے۔سی ٹی ڈی رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں رواں سال دہشتگرد حملوں میں 563 افراد شہید یا زخمی ہوئے، سب سے زیادہ 76 پولیس اہلکار شہید جبکہ 113 زخمی ہوئے۔سی ٹی ڈی رپورٹ کے مطابق صوبے میں رواں سال 65 عام شہری شہید جبکہ 98 افراد زخمی ہوئے، فورسز کے 39 جوان شہید اور 87 زخمی ہوئے، ایف سی کے 29 اہلکار شہید اور 41 ایف سی جوان زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے ڈی آئی خان میں دہشتگردوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 7 افراد کو شہید جبکہ 2 اہلکاروں کو زخمی کیا۔رواں سال اب تک دہشتگردوں نے باجوڑ اور شمالی وزیرستان میں 4 سیاست دانوں کو شہید اور 2 کو زخمی کیا۔سی ٹی ڈی رپورٹ کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں سب سے زیادہ 23 پولیس اہلکار شہید اور 23 زخمی ہوئے، بنوں میں 12 پولیس اہلکار شہید اور 12 زخمی ہوئے، باجوڑ میں 11 اہلکار شہید اور 32 زخمی ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق پشاور میں دہشتگردوں کے ہاتھوں 11 پولیس اہلکار شہید جبکہ 11 زخمی ہوئے۔