ملتان میں موسلا دھار بارش،نکاسی آب کےلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے، ایم ڈی واسا

جمعہ 16 اگست 2024 16:23

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2024ء) ایم ڈی واسا ملتان خالد رضا خان نے کہا ہے کہ شہر اولیاء میں حالیہ موسلا دھاربارش کے بعد نکاسی آب کیلئے بلا تعطل آپریشن جاری ہے،بارش کے پانی کی نکاسی کےلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کو یہاں ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد ایم ڈی واسا خالد رضا خان نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اورنکاسی آب آپریشن کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ بارش نے شہر میں ہر طرف جل تھل کر دیا ہے،کڑی جمنداں ڈسپوزل سٹیشن پر116ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی،شہر بھر میں رین ایمرجنسی نافذ کر کے نکاسی آب کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جاری ہیں،نکاسی آب آپریشن کی مسلسل مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے،پرانا شجاع آباد روڈ،ڈبل پھاٹک نواں شہر ،ابدالی روڈ ،کلمہ چوک ،پرانا بہاولپورروڈ ،ایم ڈی اے روڈکو بارش کے فوری بعد کلیئر کر دیا گیا جبکہ دیگر علاقوں کو کلیئر کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس دوران ایم ڈی واسا نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کے تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز اپنے اپنے علاقوں کا معائنہ کریں،تمام روڈز پر مکمل سوئیپنگ کروائی جائے اور تمام چھوٹے پونڈنگ پوائنٹس کو بھی مکمل کلیئر کیا جائے۔ایم ڈی واسا خالد رضا خان نے عوام الناس سے درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری بارش کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل کریں،بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے دور رہیں،ایسی جگہوں پر جانے سے گریز کریں جہاں بارش کا پانی جمع ہو چکا ہے،بچوں کو بارش میں کھیلنے سے روکیں اور انہیں گھر کے اندر ہی محفوظ رکھیں۔