سرگودھا ،گردونواح میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار،شہریوں کے مرجھائے چہرے کھل اٹھے

ہفتہ 17 اگست 2024 13:02

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2024ء) سرگودھا شہر اور گردونواح میں ہفتہ کی صبح موسلا دھار بارش سے علاقے جل تھل اور نشیبی علاقے زیر آب شہر بھر کی سڑکوں پر کھڑا پانی نہروں کے مناظر پیش کرنے لگا،حالیہ اس بارش سے علاقہ میں موسم خوشگوار اور شہریوں کے گرمی سے مرجھائے چہرے کھل اٹھے جہاں منچلے نوجوان گھروں سے نکل کر سڑکوں پر نہاتے ہوئے لطف اندوز ہوتے نظر آئے ۔

ضلعی انتظامیہ نے میونسپل کارپوریشن کے عملہ صفائی کو نکاسی آب کے آپریشن کے لئے متحرک رکھا اور شہر کی 22 یونین کونسلوں میں بارشی پانی کی نکاسی میں مصروف عملہ کی نگرانی کے لئے افسران فیلڈ میں موجود رہے اور بتایا کہ نکاسی آب کے لئے میونسپل کارپوریشن کی تمام مشینری کو استعمال میں لایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

جہاں نشیبی علاقوں سے سکر مشینوں سے پانی کی نکاسی کا عمل جاری ہے۔

کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن ملک محمد جہانزیب اعوان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم تمام آپریشن کی براہ راست مانیٹرنگ کرتے رہے جنہوں نے ڈسپوزل کو فنگشنل رکھنے کے لئے بجلی کی بندش کی صورتحال میں جنریٹر کو استعمال کرنے کا حکم دیا اور بتایا کہ شہر سے بارشی پانی کے مکمل نکاس تک آپریشن جاری رہے گا۔کمشنر نے کہا کہ دستیاب وسائل میں کم سے کم وقت میں بارشی پانی کے نکاسی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ مصروف شاہرات پر ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لیے ترجیجی بنیادوں پر نکاسی اب کا عمل جاری ہے۔ایسے موسم میں شہری واپڈا تنصیبات سے دور رہیں۔دریاں پر پانی کی آمد اور اخراج کو بھی مانیٹر کیا جا رہا ہے اورکسی بھی ناگہانی صورت سے نمٹنے کے لیے پی ڈی ایم اے کے تمام انتظامات مکمل ہیں۔