ضم اضلاع میں کرپشن کا خاتمہ کرکے موجودہ فورس کے جوانوں کو ہر ممکن وسائل مہیا کئے جائیں،مولاناخان زیب

اتوار 25 اگست 2024 18:30

باجوڑ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اگست2024ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء مولانا خان زیب نے کہا ہے کہ ضم اضلاع میں پولیس نظام کے اندر اداراجاتی کرپشن کا خاتمہ کرکے موجودہ فورس کے جوانوں کو ہر ممکن وسائل مہیا کئے جائیں،فاٹا اصلاحات کے حوالے سے سرتاج عزیز کمیشن کی رپورٹ میں پچیس ہزار نوجوانوں کی بھرتی کا وعدہ ہوا تھا جو کہ ابھی تک ایفاء نہیں ہوا۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نئے اضلاع میں باجوڑ سے لیکر وزیرستان تک لیوی فورس آج بھی مسائل کا شکار ہیں ،لیوی کے جوان آج بھی اپنے روایتی بندوق و کارتوس سے کام چلارہے ہیں، دہشت گردی کے نام پر جنگ میں فرنٹ لائن پر لیویز فورس ہیں جبکہ وسائل برائے نام ہیں۔ہم صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ نئے اضلاع کے لیویز فورس کو باقی صوبے کی پولیس کی طرح تمام درکار وسائل و مراعات مہیا کئے جائیں، ساتھ ہی متعلقہ اضلاع کے ڈی پی اوز زمانوں سے لیویز فورس کے اندر جاری کرپشن کا خاتمہ کریں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ نئے اضلاع میں چھ سال سے ڈی پی اوز کا محکمانہ کردار انتہائی کمزور ہے۔ڈیوٹیوں سے غیر حاضر اہلکاروں کو حاضر کیا جائیں متعلقہ اضلاع سے ٹرانسفر شدہ بیوروکریسی سے لیویز اہلکاروں کو واپس لایا جائے جبکہ لیویز فورس کو داخلی امن اور اپنے پروفشنل ذمہ داریاں تفویض کی جائے۔قومی و سیاسی مشران کے سیکیورٹی کے نام پر غائب اہلکاروں کی جانچ پڑتال کی جائے جبکہ مشران کو ایک میکنزم کے تحت اپنی سیکیورٹی کیلئے ضلع کے اندر چھوٹے اسلحہ کے پرمٹ جاری کئے جائیں۔