خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا اینڈ پروٹوکول عالمگیر آفریدی نے پشاوریونیورسٹی سے پاکستان سٹڈیز میں پی ایچ ڈی کر لی

پیر 26 اگست 2024 19:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اگست2024ء) خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور کے ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا اینڈ پروٹوکول ،وزیٹنگ فیکلٹی پاکستان سٹڈیز اور معروف کالم نگار عالمگیر آفریدی نے یونیورسٹی آف پشاور سے پاکستان سٹڈیز میں پی ایچ ڈی کر لی ۔ان کے تحقیقی مقالے کا موضوع "جماعت اسلامی پاکستان کی قیادت: میاں طفیل محمد اور قاضی حسین احمد کا تقابلی جائزہ 2009- 1972 " تھا۔

(جاری ہے)

ان کے سپر وائزر پاکستان سٹڈی سنٹر یونیورسٹی آف پشاور کے سابق ڈائریکٹر اور ممتاز ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر فخر الاسلام تھے۔ عالمگیر آفریدی کا پبلک ڈیفنس گزشتہ روز پاکستان سٹڈی سنٹر یونیورسٹی آف پشاور میں منعقد ہوا جس میں بیرونی ممتحنین کے فرائض قرطبہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پشاور کے ایسو سی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر نجیب اللہ اور سوشل ورک ڈیپارٹمنٹ یونیورسٹی آف پشاور کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد ابرار نے انجام دیئے ، اندرونی ممتحن پاکستان سٹڈی سنٹر کے سابق ڈائریکٹر اور سپروائیزر پروفیسر ڈاکٹر فخر الاسلام تھے۔اس موقع پر پاکستان سٹڈی سنٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شہباز خان خٹک،فیکلٹی،سٹاف اور طلباء بھی موجود تھے۔