Live Updates

میرے لیڈر نے سکھایا ہے کہ مشکل سے مشکل حالات میں بھی گھبرانا نہیں، عالیہ حمزہ

خواتین سے گزارش ہے کہ اب حوصلہ کریں، اب ہم نے اپنے لیڈر کو رہا کروانا ہے، میری اور میرے لیڈر کی کوشش پاکستان کی فلاح کیلئے ہے،رہنماءپی ٹی آئی کی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 29 اگست 2024 12:30

میرے لیڈر نے سکھایا ہے کہ مشکل سے مشکل حالات میں بھی گھبرانا نہیں، عالیہ ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔29اگست 2024 ) پی ٹی آئی رہنماءعالیہ حمزہ نے کہا ہے کہ میرے لیڈر نے سکھایا ہے کہ مشکل سے مشکل حالات میں بھی گھبرانا نہیں، خواتین سے گزارش ہے کہ اب حوصلہ کریں، اب ہم نے اپنے لیڈر کو رہا کروانا ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان انڈر ٹرائل ہیں ایسے میں ان کو جیل میں نہیں رکھا جا سکتا،جس طرح ہمارے لیڈر کے ساتھ سلوک کیا جا رہا ہے وہ قابل مذمت ہے،لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری اور میرے لیڈر کی کوشش پاکستان کی فلاح کیلئے ہے۔

آج کی خواتین مردوں سے زیادہ مضبوط ہیں۔ 16 مہینے سے میں گھر نہیں رہی۔ گھر سے باہر یا عدالتوں میں رہی ہوں۔ جب بھی تحریک کا آغاز ہو گا خواتین کا ساتھ چاہیے ہو گا۔ہمارے لیڈر عمران خان کوجیل میں ملنے والی سہولتوں سے محروم کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

لاہور میں جلسہ ہونے والا ہے جب لاہور بدلتا ہے تو پورا پاکستان بدلتا ہے۔ جب مینار پاکستان پر جلسہ ہو گا تب یہ لوگ پہلے ہی اپنے گھر میں جا چکے ہوں گے۔

ان کاگفتگو کے دوران مزید کہنا تھا کہ میں این اے 118 کی مقروض ہوں۔ میرے حلقے کے لوگوں نے مجھے جتوایا میں جلد اپنے حلقے میں جاوں گی اور سب کا شکریہ ادا کروں گی۔ آپ ہمارے نظرئیے کو ہماری سوچ کو قید نہیں کر سکتے میں کسی ایک لمحے بھی نہیں گھبرائی اب ایک ہی مقصد ہے کہ کس طرح اس ملک کو خوش حال پاکستان بنا سکتے ہیں ایسا پاکستان جہاں احتجاج ہڑتالیں نہ ہوں۔

لوگوں کو ان کا حق ملے۔دریں اثناءلاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کی سائبر دہشتگردی کے مقدمے میں 10 روز کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے عالیہ حمزہ پر درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر سماعت کی، پی ٹی آئی رہنما اپنے سسر جمیل ملک اور وکیل اشتیاق اے خان کے ہمراہ عدالت پیش ہوئیں۔

وکیل وفاقی حکومت نے کہا کہ عالیہ حمزہ کیخلاف ایف آئی اے میں سائبر دہشتگردی الزامات کے تحت مقدمہ درج ہے۔عدالت نے استفسار کیا کہ کیا عالیہ حمزہ نے اس مقدمہ میں عبوری ضمانت حاصل کی ہے؟ جس پر وکیل عالیہ حمزہ نے کہا کہ سائبر کرائم مقدمہ کی بابت کوئی اطلاع نہیں تھی۔بعدازاں عدالت نے عالیہ حمزہ کی سائبر دہشتگردی کے مقدمہ میں 10 روز کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔ عدالت نے تحقیقاتی اداروں کو مزید کارروائی کیلئے قانونی دائرہ کار میں رہنے کا حکم بھی دے دیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات