اے سی کا پائپ پھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی،گھر میں سوئے دو نوجوان جھلس کرجاں بحق

جمعہ 30 اگست 2024 22:01

جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اگست2024ء) اے سی کا پائپ پھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی،گھر میں سوئے دو نوجوان جھلس گئے ،ہسپتال میں دم توڑ گئے ۔تفصیل کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر جہانیاں میںگھر میں اے سی چلا کردو کزن سو رہے تھے کہ اچانک ائیر کنڈیشنڈ کا پائپ پھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی جس نے پورے گھر کو لپیٹ میں لے لیا گھر کا فرنیچر اور سامان جل کر خاکستر ہو گیا جبکہ گھر سوئے ہوئے دو نوجوان حیدر علی اور اریب بری طرح جھلس گئے جنہیں ریسکیو1122نے طبی امداد کے بعد ٹی ایچ کیو ہسپتال جہانیاں منتقل کیا اور بعدازاں انہیں نشتر ہسپتال ملتان کے برن یونٹ میں منتقل کیا گیا۔

حالت تشویشناک ہونے پر دونوجوانوں حیدر اور اریب کو سی ایم ایچ کھاریاں منتقل کیا گیا جہاں وہ موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد وقفے سے زندگی کی بازی ہار گئے۔

(جاری ہے)

مرحومین کی علیحدہ علیحدہ کی نماز جنازہ بائی پاس جہانیاںکے جنازہ گاہ میں ادا کردی گئی جن میں علاقہ بھر کی سیاسی و سماجی شخصیات، معززین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی بعدازاں مرحومین کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپردخاک کردیا گیا، اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، جواں سال لڑکوں کی المناک موت پر دوست احباب عزیز و اقارب اشکبار نظر آئے۔

دریں اثنا ء مرحوم کی وفات پر صدر انجمن حسینیہ سید عدنان قمر جعفری، سید سرفراز شاہ، چوہدری خادم حسین، سید علی رضا شاہ، سابق صدر بار محمد لطیف خان خٹک، نذیر احمد خان، ڈاکٹر عمران فاروق، محمد عارف سعید، شبیر احمد شاہد، بینک آفیسر چوہدری سعید اقبال، پروفیسر ڈاکٹر جاوید اصفر، پروفیسر محمد خلیل، چوہدری ثنا ء اللہ احسان، ڈاکٹر یاسین گل، زین یوسف، شیخ عبدالرحمان شان، ریسکیو آفیسر عقیل اختر سمیت صحافیوں، میپکو افسران و اہلکاران اور معززین علاقہ نے تعزیت کا اظہار کیاہے۔