جو روٹ ، کمار سنگاکارا کو پیچھے چھوڑ کر سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانیوالے چھٹے بیٹر بن گئے

روٹ کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میچوں میں 5000 رنز بنانے والے تاریخ کے پہلے بلے باز بننے کے لیے مزید 27 رنز درکار ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 9 ستمبر 2024 12:10

جو روٹ ، کمار سنگاکارا کو پیچھے چھوڑ کر سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانیوالے ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 ستمبر 2024ء ) انگلینڈ کے سابق کپتان اور مایہ ناز بیٹر جو روٹ نے اپنے شاندار کیریئر میں ایک اور سنگ میل کا اضافہ کیا ہے کیونکہ وہ سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا کو پیچھے چھوڑ کر ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے چھٹے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ جو روٹ اس وقت آئی سی سی ٹیسٹ بلے بازوں کی درجہ بندی میں نمبر 1 پر ہیں، انہوں نے اوول میں سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 11 رنز تک پہنچ کر سنگاکارا کے 12,400 رنز کی تعداد کو پیچھے چھوڑ دیا۔

33 سالہ جو روٹ نے اب 146 ٹیسٹ میچوں میں 267 اننگز میں 12,402 رنز بنائے ہیں اور سنگاکارا کے 15 سالہ ٹیسٹ کیریئر کے دوران 134 میچوں میں 12,400 رنز بنانے کے ریکارڈ کو توڑ دیا ہے۔ ان کا اگلا سنگ میل ٹیسٹ کرکٹ میں انگلینڈ کے اب تک کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے ایلسٹر کک کو پیچھے چھونا ہوگا، جن کے نام 12,472 رنز ہیں۔

(جاری ہے)

 


ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز 

سچن ٹنڈولکر (بھارت) – 15,921 
رکی پونٹنگ (آسٹریلیا) – 13,378 
جیک کیلس (جنوبی افریقہ) – 13,289 
راہول ڈریوڈ (بھارت) – 13,288 
ایلسٹر کک (انگلینڈ) – 12,472 
جو روٹ (انگلینڈ) – 12,402* 
کمار سنگاکارا (سری لنکا) – 12,400 

33 سالہ جو روٹ اب کمار سنگاکارا کو پیچھے چھوڑنے کے ساتھ ساتھ ایک اور کامیابی کی راہ پر گامزن ہیں۔

اسے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میچوں میں 5000 رنز بنانے والے تاریخ کے پہلے بلے باز بننے کے لیے مزید 27 رنز درکار ہیں۔ اس کے علاوہ ایک اور ٹیسٹ سنچری انہیں سچن ٹنڈولکر، جیک کیلس اور رکی پونٹنگ جیسے لیجنڈز کے ساتھ سب سے زیادہ ٹیسٹ سنچریوں کے ساتھ ٹاپ سکس بلے بازوں میں لے جائے گی۔ جو روٹ نے حال ہی میں لارڈز میں دوسرے ٹیسٹ میں جڑواں سنچریاں بنا کر انگلینڈ کے لیے 33 ٹیسٹ سنچریوں کا سابق برطانوی کپتان ایلسٹر کک کا ریکارڈ توڑ دیا اور اپنی 34 ٹیسٹ سنچریاں کسی انگلش بلے باز کے لیے سب سے زیادہ ہیں۔