صوبائی وزیروچیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹرمینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق کا پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس کا دورہ

پیر 9 ستمبر 2024 19:59

صوبائی وزیروچیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹرمینجمنٹ خواجہ سلمان ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2024ء) صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔خواجہ سلمان رفیق نے موجودہ موسمی صورتحال اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے نے صوبائی وزیر کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیوں بارے بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایاگیاکہ پنجاب کے تمام دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔آئندہ چند روز میں بھی شدید بارشوں یا سیلابی صورتحال کا کوئی امکان نہیں ہے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پی ڈی ایم اے و انتظامیہ کے پیشگی الرٹ کے باعث سیلاب سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ رواں سال مون سون بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جا رہا ہے۔

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کسانوں کے نقصانات کا بھی ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ڈینگی و دیگر وبائی امراض کی روک تھام اور ویکسینیشن کا عمل جاری ہے۔ صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ انفراسٹرکچر کی بحالی و تعمیر و مرمت جلد مکمل کر لی جائے گی۔ شہریوں کے تحفظ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔