جدید آن لائن ایپ IVY تعلیمی ضروریات کے لئے اہم ثابت ہوگی، گورنرسندھ

پیر 9 ستمبر 2024 21:00

جدید آن لائن ایپ IVY تعلیمی ضروریات کے لئے اہم ثابت ہوگی، گورنرسندھ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2024ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ جدید آن لائن ایپ IVY سے بچوں کو تعلیمی ضروریات حاصل ہو سکیں گی بالخصوص O ، A لیول اور اے سی سی اے کے طلبہ اس ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ حاصل کرسکتے ہیں ۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں IVY کی افتتاحی تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کیا ۔

گورنرسندھ نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا حصول حکومت کے عزم کی بہترین مثال ہے۔ یہ منصوبہ پاکستان کے نوجوانوں کو آسان، سستی اور معیاری تعلیم میں مدد فراہم کرے گا، جس سے ان کی صلاحیتیں مزید نکھر کر سامنے آئیں گی۔ جدیدٹیکنالوجی کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ حکومت، نجی شعبے اور سول سوسائٹی سے اس ضمن میں تعاون کی اپیل کرتاہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے، کیونکہ ہماری 62 فیصد آبادی 25 سال سے کم عمر کے نوجوانوں پر مشتمل ہے اس ضمن میں تعلیم کا حصول ہی نئی راہیں کھولنے کی کلید ہے۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے آن لائن ایپ IVY ڈیزائن کرنے والوں ڈائریکٹر مدنی جتوئی، سی ای او ولید خانزادہ، وسیم تاج، یاسر یامین، عبدالصمد، اور معاذ بن ظفر خان کے جدت پسندی کے عزم کو بیحد سراہا۔

اس سے قبل سی ای او ولید خانزادہ نے بتایا کہ IVY online ایپ O اور A لیول کے طلبہ اور اے سی سی اے کے امیدواروں کے لیے خصوصی طور پر ڈیزائن کی گئی ہے، جو عالمی مقابلوں کی تیاری اور مہارتوں میں مددگار ثابت ہوگی۔ سی ای او ولید خانزادہ نے شرکاء کو سستی سبسکرپشن کے فوائد بتاتے ہوئے کہا کہ IVY Online ایک صارف دوست ایپلی کیشن ہے۔آخر میں ڈائریکٹر مدنی جتوئی نے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کے بے پناہ تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔

انہوں نے اس اہم تقریب میں شرکت کرنے پر افغانستان، سعودی عرب، بحرین، عمان، انڈونیشیا، سری لنکا، ملائیشیا، اور جرمنی کے قونصل جنرلز سمیت دیگر کا بھی شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں خواتین یونیورسٹی برائے جناح کے چانسلر وجیہ الدین احمد، آئی او بی ایم کے وائس چانسلر ڈاکٹر طارق سومرو، انڈس اسپتال نیٹ ورک کے صدر ڈاکٹر عبدالباری خان، فضل دادا بھائی، اور پاکستان میں کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر شاہد اشرف بھی موجود تھے۔