ترقی میں جدت کو فروغ دینے کے اقدامات کی بھرپور حمایت کریں گے، گورنر سندھ

پاکستان میں ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہئے، ایکسپو سینٹر میں IEEEP 2024کی اختتامی تقریب سے خطاب

جمعرات 12 ستمبر 2024 22:25

ترقی میں جدت کو فروغ دینے کے اقدامات کی بھرپور حمایت کریں گے، گورنر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2024ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری موجودہ حکومت ایسے اقدامات کی حمایت کے لئے پرعزم ہے جو ترقی میں جدت کو فروغ دیتے ہیں۔ ہمیں تعلیم کے فروغ کے ضمن میں بھرپور اقدامات کرنا ہوں گے اس ضمن میں حکومت تعلیم کے فروغ کے لئے شب و روز کام کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو سینٹر میں IEEEP 2024کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میںمنیجنگ ڈائریکٹر بدر ایکسپو سلو شنززوہیر نصیر، چیئرمین IEEEPکراچی سینٹر انجینئر محمد نوید اکرم انصاری بھی موجود تھے۔ تقریب کے منتظمین نے گورنرسندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس تقریب میں 45ممالک سے 250 مندوبین نے شرکت کی۔ طلباء کے لئے 35 اسٹالز بغیر کسی معاوضہ کے لگائے۔

(جاری ہے)

گورنرسندھ نے مزید کہا کہ اسلام کی ابتداء لفظ اقراء سے ہوئی اس سے اندازہ لگائیں کہ تعلیم کا کس حد تک حکم دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنے قومی ترانہ کے الفاظ پر عمل کریں تو ملک مزید ترقی کی جانب گامزن ہوسکتا ہے۔ہم سب کو بانیان پاکستان کے خوابوں کی تعبیر پوری کرنی ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی ایکسپو سینٹر میں تین روزہ انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹریکل اینڈ الیکٹرانکس انجینئرز آف پاکستان (IEEEP) فیئر 2024ء کا انعقاد خوش آئند ہے۔اس تقریب کی کامیابی منتظمین کے لگن ، محنت اور وڑن کی عکاس ہے۔

اس کامیابی پر IEEEP اور بدر ایکسپو سلوشنز کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ IEEEP ایونٹ 2024 پاکستان میں انجینئرنگ کی بے پناہ صلاحیت اور روشن مستقبل کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے لئے یہ نمائش بہت مفید ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہئے۔