ملتان ، چھوٹو گینگ کے سرغنہ سمیت 12مجرمان کی چھ،چھ بار موت کی سزا کیخلاف دائر اپیلیں خارج

جمعرات 12 ستمبر 2024 22:30

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2024ء) لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ کے خصوصی ڈویژن نے چھوٹو گینگ کے سرغنہ سمیت 12 مجرمان کی چھ ،چھ مرتبہ سزائےموت کے خلاف دائر اپیلیں خارج کر دیں۔تفصیلات کے مطابق جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس شہرام سرور چوہدری پر مشتمل خصوصی ڈویژن بینچ نے تھانہ اچھا بنگلہ کی حدود میں پولیس ملازمین کو اغواء کر کے شہید کرنے کے مقدمہ میں چھوٹو گینگ کے سرغنہ غلام رسول عرف چھوٹو سمیت 12 ملزمان کی چھ چھ بار سزائے موت کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے سزا کے خلاف دائر اپیلیں خارج کر دیں جبکہ کیس میں ملوث آٹھ ملزمان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کرنے کا حکم دیدیا۔

عدالت نے چھو ٹو گینگ کے سرغنہ غلام رسول عرف چھوٹوسمیت دیگر گیارہ مجرمان جن میں نادر ، دین محمد، خالد عرف خالدی ، اسحاق، اکرم عرف اکری، شیر خان ، بہرام ، بشیر ، مجیب الرحمٰن ، حسین بخش اور پیارا شامل ہیں کی سزائے موت کے خلاف دائر اپیلیں خارج کرتے ہوئے انکی سزائے موت کو برقرار رکھا جبکہ آٹھ ملزمان غلام حیدر،حاکم، رزاق، ماجد، ناصر، جمعہ عرف بھٹہ، رشید اور عبدالواحد کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے مقدمہ سے بری کرنے کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کی جانب سے تھانہ اچھا بنگلہ راجن پور کی حدود میں چوبیس پولیس اہلکاروں کو اغوا کرنے، چھ پولیس اہلکاروں کو شہید کر نے اور سات پولیس اہلکاروں کو شدید زخمی کرنے کے جرم میں چھوٹو گینگ کے سرغنہ سمیت 20 ملزمان کو چھ،چھ مرتبہ سزائے موت کی سزا سنائی گئی تھی۔