چالان کے ساتھ ساتھ کم عمر ڈرائیور کی گاڑی،موٹرسائیکل بھی بند کردی جائے گی ،سی ٹی او لاہور

اتوار 15 ستمبر 2024 11:50

چالان کے ساتھ ساتھ کم عمر ڈرائیور کی گاڑی،موٹرسائیکل بھی بند کردی جائے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2024ء) چیف ٹریفک پولیس لاہور عمارہ اطہر نے کہا ہے کہ کم عمر ڈرائیورز اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف جنرل ہولڈ اپ ہو گا،چالان کے ساتھ ساتھ کم عمر ڈرائیور کی گاڑی،موٹرسائیکل بھی بند کردی جائے گی جبکہ لرنر پرمٹ اور ایکسپائر لائسنس پر گاڑی،موٹرسائیکل چلانے پر بھی کارروائی ہوگی۔

اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کم عمر ڈرائیور کی گاڑی، موٹرسائیکل کو تھانوں میں بند کرنے کا حکم دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کار،موٹرسائیکل لائسنس پر کمرشل اور پبلک سروس وہیکل چلانے کی ہرگز اجازت نہیں،اتوار کے روز بھی شہر کے تمام دفاتر معمول کے مطابق کھلے ہیں۔ سی ٹی او نے کہا کہ لائسنس دفاتر کے باہر خصوصی ناکہ جات لگائے جائیں گے اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر 2ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔

(جاری ہے)

سی ٹی او نے ہدایت کی کہ سرکل افسران اپنی نگرانی میں کریک ڈائون کرتے نظر آئیں ۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو لرنر پرمٹ، ڈوپلیکیٹ، لائسنس کی تجدید کی آن لائن سہولت فراہم کی گئی ہے۔ عمارہ اطہر نے کہا کہ شہر میں لائسنس لبرٹی خدمت مراکز ساتوں روز اور چوبیس گھنٹے کھلے ہیں،شہر کے 35 مختلف مقامات پر خدمت مراکز و لائسنس سینٹرز قائم کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کم عمر ڈرائیورز اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ کسی صورت قابل قبول نہیں۔