Live Updates

آئینی اصلاحات سے متعلق خصوصی پارلیمانی کمیٹی میں مزید 12 ارکان شامل

سینیٹ کے تمام ایک درجن پارلیمانی لیڈرز کو کمیٹی کا حصہ بنا دیا گیا، نوٹیفکیشن جاری

اتوار 15 ستمبر 2024 21:10

آئینی اصلاحات سے متعلق خصوصی پارلیمانی کمیٹی میں مزید 12 ارکان شامل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2024ء) آئینی اصلاحات سے متعلق پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی میں مزید 12 ارکان کو شامل کرتے ہوئے ایوان بالا سینیٹ کے تمام ایک درجن پارلیمانی لیڈرز کو کمیٹی کا حصہ بنا دیا گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق آئینی اصلاحات سے متعلق پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی میں توسیع کر دی گئی، سینیٹ سیکریٹریٹ سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق مزید 12 ارکان کو کمیٹی کا حصہ بنایا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سینیٹ کے 12 پارلیمانی لیڈر کمیٹی کے ارکان میں شامل کیے گئے ہیں ، اپوزیشن لیڈر بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔کمیٹی میں شامل کیے گئے اراکین میں پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی سینیٹر شیری رحمن، مسلم لیگ (ن) کے عرفان صدیقی، پی ٹی آئی سے علی ظفر، بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) سے منظور احمد، جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) سے مولانا عطا الرحمن، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) سے ایمل ولی کو کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کے علاوہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پاکستان) سے فیصل سبزواری، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) سے محمد قاسم، مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) سے راجا ناصر عباس، نیشنل پارٹی سے جان محمد، مسلم لیگ (ق) کامل علی آغا اور سنی اتحاد کونسل سے حامد خان کمیٹی کے رکن ہوں گے۔
Live بلوچستان سے متعلق تازہ ترین معلومات