ٹنڈولکر اور گنگولی بھارتی بورڈ کو اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے پر تیار کریں : معین خان

شائقین بھارت اور پاکستان کو کرکٹ کھیلتے دیکھنا پسند کرتے ہیں ، مجموعی طور پر کرکٹ کو بھی فائدہ ہوگا : سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 16 ستمبر 2024 12:22

ٹنڈولکر اور گنگولی بھارتی بورڈ کو اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے پر تیار کریں ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 ستمبر 2024ء ) سابق پاکستانی کپتان معین خان نے سچن ٹنڈولکر اور گنگولی سمیت دیگر سٹار کرکٹرز پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتی بورڈ کو سمجھائیں کہ کرکٹ کو سیاست سے دور رکھے۔ بی سی سی آئی نے 2025ء میں پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے اب تک حامی نہیں بھری، بھارتی میڈیا قیاس آرائیاں کررہا ہے کہ بی سی سی آئی اپنی ٹیم کو ایونٹ میں شرکت کرنے کے لیے پاکستان نہیں بھیجے گی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر معین خان نے بھارتی کرکٹ لیجنڈز جیسے سچن ٹنڈولکر، سارو گنگولی، کپل دیو اور دیگر پر زور دیا ہے کہ وہ مداخلت کریں اور بی سی سی آئی کو سیاست کو کھیل سے دور رکھنے کا مشورہ دیں۔ معین خان نے کہا کہ بھارت کے سابق کرکٹرز جیسے سچن، گنگولی، کپل دیو، راہول ڈریوڈ وغیرہ کو اپنے کرکٹ بورڈ کو سیاست سے دور رہنے کے لیے کہنا چاہیے۔

(جاری ہے)

سیاسی مسائل کو کرکٹ میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ شائقین بھارت اور پاکستان کو کرکٹ کھیلتے دیکھنا پسند کرتے ہیں، اس سے نہ صرف پاکستان کو فائدہ ہوگا بلکہ مجموعی طور پر کرکٹ کو بھی فائدہ ہوگا۔ معین خان نے مزید کہا کہ بھارت کو آئی سی سی کے ساتھ اپنے وعدوں کا احترام کرنا چاہیے، اگر وہ نہیں آتے تو پاکستان کو مستقبل میں بھارت میں ہونے والے کسی بھی ایونٹ میں شرکت کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔