ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد میں درجہ چہارم یونین کی جانب سے کھلی کچہری

پیر 16 ستمبر 2024 16:38

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2024ء) ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد میں درجہ چہارم یونین کی جانب سے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر دائود اقبال نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ ہسپتال کے ملازمین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر دائود اقبال نے ادارہ کے کام کاج میں درجہ چہارم کے ملازمین کے اہم کردار پر زور دیا، درجہ چہارم کو ”انتظامیہ کی ریڑھ کی ہڈی“ قرار دیتے ہیں۔

انہوں نے ہسپتال اور اس کی خدمات کی بہتری کیلئے اتحاد اور تعاون پر زور دیا اور وعدہ کیا کہ یونین کے تمام جائز مطالبات کو سنجیدگی سے لیا جائے گا۔ کھلی کچہری میں ڈائریکٹر فنانس ذیشان خان، ایچ او ایڈمن ڈاکٹر خرم، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر وقار ڈاکٹر عمران فاروق اور دیگر شعبہ جات کے سربراہان بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب کے دوران ڈاکٹر دائود اقبال نے ہسپتال کے ملازمین کےلئے خصوصی طور پر ایک ٹریٹمنٹ کمیٹی بنا ئی جو جلد ہی ملازمین اور ان کے خاندانوں کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے اہم سفارشات پیش کرے گی۔

اس کے علاوہ ہسپتال کی مین انٹرنس پر سٹاف کیلئے الگ سے کائونٹر بھی موجود ہے۔ انہوں نے ایک سروس سٹرکچر کمیٹی بنانے کی بھی بات کی جو دیگر ایم ٹی آئیز میں بھی قائم کی گئی ہے، یہ طویل مدتی کیریئر کی ترقی اور ہسپتال کے عملہ کے ایچ آر کے مسائل کو حل کرے گی۔ ایک اہم مسئلہ جس پر روشنی ڈالی گئی وہ سکیورٹی سٹاف کی کمی تھی جسے ڈاکٹر دائود اقبال نے حل کرنے کی یقین دہانی کرائی، موجودہ حکومت کی جانب سے بھرتیوں پر عائد پابندی کو تسلیم کیا گیا، وہ پر امید تھے کہ پابندی کے خاتمہ کے بعد اضافی عملہ کی بھرتی کا عمل فوری طور پر شروع ہو جائے گا۔

ڈاکٹر دائود اقبال نے ہسپتال کے معیارات کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے والوں کی وکالت کی ہے جہاں بھی وہ رہے ہیں وہ ایسا کرتے رہیں گے۔ صفائی کا موضوع بھی بحث کا ایک مرکزی نکتہ تھا۔ ڈاکٹر دائود اقبال نے انکشاف کیا کہ صفائی کے ٹھیکیدار کو متعدد بار 20 ہزار جرمانہ کیا گیا ایک شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے جس سے سمجھوتہ کے بغیر صحت کے معیار کو برقرار رکھنے کے ہسپتال کے موقف کو تقویت ملی ہے۔

روزگار کے مواقع کے موضوع پر ڈاکٹر دائود اقبال نے یونین کو یقین دلایا کہ ہسپتال ملازمین کے بچوں کو سن کوٹہ کے تحت بھرتی کیا جاتا رہا ہے اور رہے گا۔ مزید برآں ہسپتال کے عملہ کے بچوں کے داخلہ کو محفوظ بنانے کےلئے نرسنگ کالج اور پیرا میڈیکس ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ بات چیت کی جائے گی۔ کھلی کچہری کا اختتام ڈاکٹر دائود اقبال کے تمام ملازمین کی حوصلہ افزائی اور انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کریں تاکہ ہسپتال کے روشن اور زیادہ موثر مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔