ہم لوڈشیڈنگ ضرور کرتے ہیں لیکن بجلی کی قیمتیں طے نہیں کرتے ہیں ، مونس علوی

ہمارا لائسنس منسوخ کرکے حکومت بجلی سپلائی کرنا شروع کردے، سی ای او کے الیکٹرک کا سندھ اسمبلی کی خصوصی کمیٹی میں جارحانہ موقف

جمعرات 19 ستمبر 2024 21:45

ہم لوڈشیڈنگ ضرور کرتے ہیں لیکن بجلی کی قیمتیں طے نہیں کرتے ہیں ، مونس ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2024ء) کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی نے کہا ہے کہ ہم لوڈشیڈنگ ضرور کرتے ہیں لیکن بجلی کی قیمتیں طے نہیں کرتے ہیں ۔ہمارا لائسنس منسوخ کرکے حکومت بجلی سپلائی کرنا شروع کردے ۔یہ موقف انہوںنے جمعرات کو سندھ اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں ارکان سندھ اسمبلی کے سامنے اختیار کیا ۔سی ای او کے الیکٹرک نے اجلاس کے آغاز میں ہی جارحانہ موقف اختیار کیا جس پر کمیٹی ممبران خاموشی سے ان کی بات سنتے رہے ۔

مونس علوی نے کہا کہ ہمارا لائسنس منسوخ کردیں اور حکومت خود بجلی سپلائی کرے۔ہم سرینڈر کرتے ہیں ۔لوڈ شیڈنگ ہم کرتے ہیں لیکن ریٹ ہم طے نہیں کرتے ۔جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق نے کہا کہ آپ سے گزشتہ میٹنگ اچھے ماحول میں ہوئی تھی لیکن آپ نے سمجھ رکھا ہے کہ جماعت اسلامی آپ کی دشمن ہے ۔

(جاری ہے)

کے الیکٹرک کے ساتھ گزشتہ میٹنگ میں جو باتیں طے ہوئی ان پر بھی عمل نہیں کیا گیا ۔

ڈملوٹی سے تین اضلاع کو پانی فراہم کیا جاتا ہے وہاں اٹھارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جاتی ہے ۔ڈملوٹی پر آپ کو اور حکومتی ادارے کا مسئلہ ہے وہ آپ آپس میں طے کرینگے۔اسی کے ساتھ ملیر کینٹ کا پمپ ہے نا وہاں لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے نا کوئی اور مسئلہ ہوتا ہے ۔سویلین کی طرف جہاں سے پانی جاتا ہے وہاں سارے مسئلے ہیں۔شبیر قریشی نے کہا کہ آپ لوگ لوڈ شیڈنگ کرتے ہیں اور جواز بجلی چوری کا پیش کرتے ہیں ۔

آپ کے پاس ادارے موجود ہیں بجلی چوری کو روکیں ۔آپ بجلی چوری کا بوجھ بھی عوام پر ڈال دیتے ہیں ۔آپ کسی کو جوابدہ ہی نہیں ہیں ۔پاکستان پیپلزپارٹی کے سلیم بلوچ نے کہا کہ آپ لوگ ایسا کوئی نظام نہیں بنا سکے کہ بل ادا کرنے اور نا ادا کرنے والے میں تفریق کی جاسکے اگر ایک پی ایم ٹی پر سو میں سے چالیس لوگ بل نہیں بھرتے تو باقی ساٹھ کو اسکی سزا کیوں دی جاتی ہے ۔

میری تجویز ہے کہ واٹر پمپس کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنی قرار دیا جائے تاکہ پانی کی سپلائی نہ رکے۔سعدیہ جاوید نے کہا کہ مانتے ہیں کے الیکٹرک کو کراچی والوں سے بہت شکایت ہے ۔آپ نے کہا کہ ہمارا ایک ادارہ ہے ہم کوئی ستار ایدھی نہیں ہیں۔آپ کے مسائل ہونگے لیکن آپ بتائیں مسائل کا حل کیا ہے۔ملیر کینٹ میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کیا ہے ۔ہم نہیں ڈرتے کسی سے جو پوچھا ہے وہ بتائیں ۔