میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج داخلہ ٹیسٹ MDCAT میں نقل کی روک تھام کیلئے بڑا اقدام

ہفتہ 21 ستمبر 2024 23:00

میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج داخلہ ٹیسٹ MDCAT میں نقل کی روک تھام کیلئے بڑا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2024ء) پنجاب بھر میں ہونے والے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج داخلہ ٹیسٹ MDCAT میں نقل کی روک تھام کیلئے حکومت کا بڑا اقدام سامنے آیا ہے۔ پنجاب میں آج اتوار 22 ستمبر کو ہونے والے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج داخلہ ٹیسٹ کے دوران موبائل اور انٹرنیٹ سروسز معطل رہیں گی۔ اس ضمن میں وفاقی وزارت داخلہ نے حکومت پنجاب کی سفارش پر پی ٹی اے کو ہدایات جاری کر دیں۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے محکمہ صحت کی سفارش پر وفاقی حکومت کو مراسلہ لکھا تھا۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کی معطلی کیلئے پنجاب کے 26 امتحانی مراکز کی لوکیشن کوآرڈینیٹس پی ٹی اے کو ارسال کیے گئے ہیں۔ داخلہ ٹیسٹ کیلئے پنجاب کے 12 اضلاع میں 26 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں اور تمام 26 امتحانی مراکز کے 500 میٹر کی حدود میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز معطل رہیں گی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ امتحانی مراکز کے گرد موبائل سگنلز صبح 9:30 سے دوپہر 1:30 تک معطل رہیں گے۔ پنجاب کے 12 شہروں میں آج اتوار 22 ستمبر کو میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج داخلہ ٹیسٹ کا انعقاد ہو رہا ہے۔ پنجاب کے 12 اضلاع میں قائم امتحانی مراکز میں 82,500 امیدوار امتحان میں شامل ہوں گے۔ ان شہروں میں لاہور، گوجرانولہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان، ساہیوال، راولپنڈی، سرگودھا، گجرات اور رحیم یار خان شامل ہیں۔