واپڈا کی سینٹرل میٹریل ٹیسٹنگ لیبارٹری میں لارج سکیل ٹرائی ایکسل مشین کو فعال کر دیا گیا

جمعرات 26 ستمبر 2024 23:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2024ء) واپڈا کی سینٹرل میٹریل ٹیسٹنگ لیبارٹری میں لارج سکیل ٹرائی ایکسل مشین (Triaxial Machine) کو فعال کر دیا گیا۔ یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کی سب سے بڑی ٹرائی ایکسل مشین ہے۔ اس مشین کو ٹیکنیکل سروسز ڈویژن واپڈا نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے تکنیکی اشتراک سے فعال کیا ہے۔

اس مشین کے ذریعے بڑے ڈیمز اور ہائیڈل پاور پراجیکٹ کی فاؤنڈیشن کے لئے راک (Rock) کی جیو ٹیک ٹیسٹنگ کی جاتی ہے۔مذکورہ حوالہ سے منعقدہ بریفنگ میں شرکت کے لئے چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے سینٹرل میٹریل ٹیسٹنگ لیبارٹری کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے پرو وائس چانسلر، ڈین فیکلٹی آف مکینیکل انجینئرنگ، چیئرپرسن سول انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ، ڈائریکٹرسینٹر آف ایکسیلنس واٹر ریسورسز انجینئرنگ، ممبر (واٹر) واپڈا، جنرل منیجر (ٹیکنیکل) سروسز اور جنرل منیجر (سی اینڈ ایم) واٹر بھی اس دوران موجود تھے۔ چیئرمین نے وائس چانسلر کے ہمراہ راک مکینیک (Rock Mechanic) لیب، سوائل مکینیک(Soil Mechanic) لیب اور سیمنٹ اینڈ کنکریٹ لیب کا دورہ کیا اور میٹریکل ٹیسٹنگ کی سہولیات کا جائزہ لیا۔

انجینئرنگ یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے چیئرمین نے لارج سکیل ٹرائی ایکسل مشین فعال بنانے پر ٹیکنیکل سروسز ڈویژن واپڈا کی تعریف کی۔ اپنی ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین نے کہا کہ سینٹرل لیبارٹری کی موجودہ مشینری کو آپریشنل بنانے کے ساتھ ساتھ نئی ٹیسٹنگ مشینری کا بھی اضافہ کیا جا رہا ہےتاکہ پاکستان میں بڑے منصوبوں کی تعمیر میں استعمال ہونے والے میٹریل کو ٹیسٹنگ کے لئے ملک سے باہر بھیجنے کے بجائے پاکستان میں ہی موجودہ جدید سہولیات کے ذریعے ٹیسٹ کیا جا سکے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے یو نیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے وائس چانسلر نے پراجیکٹس کی تعمیر میں تحقیق اور مہارت کو فروغ دینے میں تعلیمی اداروںاور انڈسٹری کے باہمی روابط کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے واپڈا کے ساتھ اشتراک عمل کے خواہاں ہیں۔ ملاقات کے دوران چیئرمین واپڈا اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے یونیورسٹی میں واپڈا چیئر کے قیام اور واپڈا آفیسرز اور سکالرز کے لئے ایم ایس کی سطح پر خصوصی نصاب متعارف کرانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

باہمی تبادلہ خیال کے دوران اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی سینئر فیکلٹی پر مشتمل وفد واپڈا کے زیر تعمیر بڑے منصوبوں بشمول دیامربھاشا ڈیم ، داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور مہمند ڈیم کا دورہ کرے گا اور وہاں بین الاقوامی کنسلٹنٹس اور عالمی ماہرین کی زیرنگرانی جاری تعمیراتی کاموں کا مشاہدہ کرے گا۔قبل ازیں جنرل منیجر (ٹیکنیکل سروسز) نے چیئرمین اور وائس چانسلر کو ٹرائی ایکسل مشین کی فعالیت اورکارکردگی بارے بریفنگ دی۔ چیئرمین نے جنرل منیجر (ٹیکنیکل سروسز) کو سینٹرل میڑیل ٹیسٹنگ لیبارٹری میں میٹریل ٹیسٹنگ کی سہولیات کو تجارتی بنیاد پر بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔